بارسلونا: منہاج القرآن انٹریشنل اسپین کی ظہرانہ تقریب

منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں 2 جولائی 2017ء کو ماہ رمضان المبارک میں منہاج القرآن اسپین کے تمام مراکز میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والے احباب کے اعزاز میں ظہرانہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس کی سعادت قاری عطا المصطفیٰ نے حاصل کی۔ شعیب شبیر اور قاری غلام مرشد نے بارگاہ رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔ پروگرام کی نقابت کے فرائض خرم شبیر نے سرانجام دئیے۔

علامہ عبدالرشید شریفی، محمد انصر، محمد رفاقت شاہ، محمد صوہیب، محمد حسنات، علامہ عثمان، جاوید مغل، محمد اقبال چوہدری اور محمد ظل حسن نے پروگرام میں اظہار خیال کیا۔ تمام مقررین نے اپنے اپنے الفاظ میں ماہ رمضان المبارک کی مقدس ساعتوں کے معاونین کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا رمضان المبارک کا مقدس مہینہ اپنے اندر لامحدود، ان گنت رحمتیں سموئے ہوئے ہے۔ اللہ تعالیٰ کی بے پایاں رحمتیں اور برکتیں نازل ہوتی ہیں۔ مسلمانوں کے لئے یہ ماہ مقدس نیکیوں کی موسلادھار بارش برساتا ہے اور ہر مسلمان زیادہ سے زیادہ نیکیاں حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ رمضان کا مہینہ باقی مہینوں کا سردار ہے۔ خوش قسمت ہیں وہ مسلمان جن کی زندگی میں یہ مہینہ آیا اور وہ اللہ تعالیٰ کی رحمتیں حاصل کرنے میں اپنی تمام تر توانائیاں صرف کر رہے ہیں۔ معاشرتی زندگی میں جہاں بدنی و جسمانی تقاضوں کی تکمیل کے لیے، کسان سے لے کر ڈاکٹر اور انجینئر تک کی ضرورت پڑتی ہے وہاں روحانی تقاضوں کی تکمیل کے لیے دین کے خدمت گاروں کی اہمیت کو بھی کسی طور نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ اللہ رب العزت کے عطا کردہ نظامِ حیات اور دینِ مصطفوی کی تبلیغ و ارشاد پر جو لوگ متعین ہوتے ہیں اْن کا چناو اللہ تعالیٰ کی خاص عنایت سے ہوتا ہے۔ خدمتِ دین کی توفیق محض اللہ رب العزت کے فضل و کرم اور اْس کے احسان کی وجہ سے ہی نصیب ہوتی ہے۔ جس شخص سے اللہ تعالیٰ محبت کرتا ہے اسے اپنے دین کی خدمت کے لیے منتخب فرما لیتا ہے۔ تقریب کا باقاعدہ اختتام دعائے خیر سے ہوا۔

تبصرہ

Top