بارسلونا کے مشہور کالج Institut Thau کے طلبہ کا منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا کا معلوماتی دورہ

بارسلونا، سپین کے معروف کالج Institut Thau کے طلبہ و طالبات نے مورخہ 24 فروری 2009ء کو اپنے اساتذہ کے ہمراہ منہاج اسلامک سنٹر کا معلوماتی دورہ کیا۔ مسجد پہنچنے پر منہاج القرآن بارسلونا کے نائب ناظم ویلفیئر چودھری پرویز اختر نے ان کا استقبال کیا۔ اس دورہ میں 30 سے زائد طلبہ و طالبات شامل تھے۔ منہاج القرآن بارسلونا کے ناظم مصالحتی کونسل محمد اقبال چودھری اور نائب ناظم ویلفیئر چودھری پرویز اختر نے طلبہ کو منہاج القرآن، پاکستان اور اسلام کا مختصر تعارف کروایا جس کے بعد انہوں نے دین اسلام کے متعلق مختلف سوالات کیے جن میں ماہ رمضان میں روزے کیوں رکھے جاتے ہیں؟ قبلہ کی سمت کا تعین کیسے کیا جاتا ہے؟ مسلمان خنزیر کا گوشت کیوں نہیں کھا سکتے؟ خواتین سر کو کیوں ڈھاپنتی ہیں؟ رمضان کس تاریخ کو شروع ہوتا ہے اور کن لوگوں پر روزہ رکھنا لازم نہیں ہے؟ جیسے سوالات شامل ہیں۔

محمد اقبال چودھری نے ان تمام سوالات کے انتہائی جامع و احسن طریقہ سے جوابات دیے، 2007 میں عالمی میلاد کانفرنس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے خطاب کے دوران چاند کے گرد اسم محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ) لکھے جانے والے معجزہ کا پوسٹر دیکھ کر طلبہ نے اس بارے بھی سوال کیا جس پر چودھری پرویز اختر نے اس معجزہ کی تفصیل بتائی۔ آخر میں تمام مہمانوں کی مشروبات سے تواضع کی گئی۔

ناظم مصالحتی کونسل محمد اقبال چودھری نے طلبہ و اساتذہ کا اس معلوماتی دورہ کرنے پر شکریہ ادا کیا اور انہیں کہا کہ ہمارے مراکز کے دروازے ہمیشہ سب کے لیے کھلے ہیں، اور کسی کے یہاں داخلہ پر کسی قسم کی پابندی نہیں۔ یاد رہے کہ Institut Thau کے طلبہ ہر سال منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا کا معلوماتی دورہ کرتے ہیں جس کا مقصد دین اسلام کے متعلق معلومات حاصل کرنا ہوتا ہے۔

رپورٹ : نوید احمد اندلسی (سپین)
مرتب : میاں اشتیاق (امورخارجہ)

تبصرہ

Top