آکسفورڈ یونیورسٹی کی پاکستان سٹوڈنٹس یونین کی جانب سے امداد برائے سیلاب زدگان

مورخہ: 19 اگست 2010ء

پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے اور مصیبت میں گھرے اپنے ہم وطنوں کی امداد کے لئے آکسفورڈ کی پاکستانی اور مسلمان کمیونٹی نے انفرادی اور اجتماعی طور پر امداد کا سلسلہ بڑے پر جوش انداز سے جاری رکھا ہوا ہے، اس سلسلہ میں آکسفورڈ کی تین مساجد اور آکسفورڈ یونیورسٹی کی پاکستان سٹوڈنٹس یونین نے تقریباً پچیس ہزار کی خطیر رقم عطیہ کی۔ مرکزی جامع مسجد کے زیراہتمام مورخہ 19 اگست 2010ء بروز اتوار کو ایک مختصر تقریب منعقد ہوئی جس میں جنرل کونسل کی مشاورت سے کل 18739 پاؤنڈ کی رقم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن او ر ایدھی فاؤنڈیشن کو 9369.50 پاؤنڈ کے الگ الگ چیکس کی صورت میں دی گئی۔

علامہ محمد منیر چشتی نے اس موقع پر آکسفورڈ کے عوام کے جذبہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان جس دور سے گذر رہا ہے اس کے لئے باہمی اتحاد و اتفاق کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کے دیئے گئے عطیات حقداروں کی ضروریات کی تکمیل پر خرچ کئے جائیں گے، مسجد کمیٹی کے چیئرمین چوہدری فضل حسین نے کہا بیرون ملک آباد پاکستانیوں نے مشکل وقت میں ہمیشہ ہم وطنوں کی مدد کا فرض ادا کیا ہے۔ انہوں نے پاکستانی حکومت اور چیئرٹی تنظیموں سے اس امید کا اظہار کیا کہ تمام عطیات ملک کے تمام حصوں میں برابری کی سطح پر خرچ کئے جائیں گے۔  اس موقع پر منہاج القرآن کے سہیل کامران اور ایدھی ویلفیئر کے طارق اعوان نے اپنی اپنی تنظیمات کے حوالہ سے حاضرین کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔ مزید برآں آکسفورڈ یونیورسٹی پاکستان سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن نے مقامی ریسٹورنٹ میں چیرٹی ڈنر کا اہتمام کیا جس میں پاکستانی طلبہ اور طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور موقع پر تقریباً دو ہزار پاؤنڈ کی رقم اکٹھی کی۔

رپورٹ: آفتاب بیگ

تبصرہ

Top