منہاج القرآن رامفورڈ لندن کے زیراہتمام ستائیسویں عالمی میلاد کانفرنس کی تقریب

منہاج القرآن انٹرنیشنل بانی و سرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ امت مسلمہ اگر مصائب و مشکلات کے بھنور سے نکلنا چاہتی ہے تو اپنی نسبت و محبت کا مرکز و محور حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات اقدس کو بنا لے کیونکہ ایمان کی آخری منزل مدینہ میں ہے ایمان نسبت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا نام ہے جس جانب توجہ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہو گی ایمان کا رخ بھی ادھر ہو گا۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات سے دوری، انتہا پسندی، دہشت گردی، فساد اور نفرت کو ہوا دینے کا سبب ہے۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں اسلام کے نام پر دہشت گردی کی کاروائیاں کرنے والے جان لیں کہ بے گناہوں کا خون کرنے والے دین اسلام کی اصل تعلیمات کے نہ صرف باغی ہیں بلکہ فسادی ہیں جو عالمی امن کی تباہی کے ذمہ دار ہونے کے ساتھ ساتھ اسلام کی بدنامی کاسبب بھی بن رہے ہیں۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اپنے ان خیالات کا اظہار مورخہ 15 فروری 2011ء  بروز منگل کی رات منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام مینار پاکستان لاہور اور رامفورڈ لندن میں 27 ویں سالانہ عالمی میلاد کانفرنس کے مشترکہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے میلاد اور مدینہ سے محبت کے موضوع پر اپنے خطاب میں امت مسلمہ کو باور کرایا کہ امت مسلمہ کے لئے مرکز عبادت مکہ ہے جب کہ مرکز محبت مدینہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس زمانے کو یاد کرو جب اسلام سکڑ کر مدینہ تک رہ جائے گا جس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ اگر اسلام کی جائے پناہ مدینہ ہے تو ہمارے ایمانوں کی حفاظت کا مقام کیونکر مدینہ اور مدنی تاجدار صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات نہیں ہو سکتے؟ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے مخصوص طبقے کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ فساد پھیلانے والا اسلحہ پھینک کر حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت کا اسلحہ اٹھا لیں اور دنیا میں امن و محبت کا پیغام عام کر کے دنیا کو فساد سے نکال کر پیغام میلاد کو عام کریں۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے مزید کہا کہ آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ان کو مبارکباد دی ہے جو اس زمانے میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پیغام امن و محبت عام کرے گے جب کہ دنیا و عالم انسانیت میں فساد عام ہو جائے گا اور انتہا پسندی اپنی آخری حدوں کو چھو رہی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ آدم علیہ السلام سے لیکر آج تک اللہ رب العزت کا ذکر اور ذکر محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اکٹھا ہو رہا ہے لیکن اب مخصوص سوچ کے تحت ان دو اذکار کو الگ الگ کرنے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے ۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے قرآن و احادیث کے حوالوں کی روشنی میں بتایا کہ کیسے شب میلاد کا درجہ شب قدر سے افضل ہے کیونکہ شب قدر کو جاگنا اور عبادت کرنا ہماری ذات کی مغفرت ہے جبکہ شب میلاد منانا اور عبادت کرنا محبوب خدا کو راضی کرنے کی کوشش ہے اور یہ محبت کا دستور ہے کہ محب ہمیشہ محبوب کی رضا میں خوش اور راضی ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لیلۃ القدر امت مسلمہ کے لئے نفع کا سبب ہے جبکہ لیلۃ میلاد پوری کائنات کے لئے نفع کا سبب ہے۔

عالمی میلاد کانفرنس میں مینار پاکستان پر جماعت اسلامی کے قاضی حسین احمد، منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے صدر صاحبزادہ حسن محی الدین قادری اور مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے بھی خطاب کیا۔ لندن میں منہاج القرآن برطانیہ کے امیر ظہور احمد نیازی، حاجی محمد اسلم، علامہ صادق قریشی، محمد اشتیاق قادری، ڈاکٹر زاہد اقبال، عیسائی راہنما مطلوب بارنباس، فادر ڈینس للی، اہل تشیع راہنما ڈاکٹر محمد نقوی، امام عاصم ، مولانا عبدالقادر، بنگلہ دیش سے مفتی مجاہد الدین سمیت سینکڑوں سیاسی، سماجی اور مذہبی راہنماؤں نے شرکت کی،

پروگرام کے اختتام پر درود و سلام پڑھا گیا جس کے بعد پاکستان سمیت دنیا بھر میں امن و امان اور انسانیت کی فلاح کے لئے اجتماعی دعا کی گئی۔

رپورٹ : آفتاب بیگ

تبصرہ

Top