منہاج القرآن ویمن لیگ (نیلسن، برطانیہ) کے زیر اہتمام سالانہ محفل حلقہ درود

منہاج القرآن ویمن لیگ (نیلسن، برطانیہ) کے زیر اہتمام مورخہ 05 جولائی 2012ء کو نیلسن مرکز پر سالانہ حلقہ درود وسلام کی محفل کا انعقاد کیاگیاجس میں نیلسن، برائر، فیلڈ، کولن، بلیک برن اور برنلے سے 250 سے زائد خواتین نے شرکت کی۔

محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت باجی غلام فاطمہ نے حاصل کی، اس کے بعد اجتماعی طور پر درود وسلام پڑھا گیا۔ ننھی بچیوں نے قصیدہ بردہ شریف پڑھا،محفل میں تشریف لائی خواتین نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ نعت پیش کی۔حلقہ درود نیلسن کی کوآرڈینیٹر مسز نسرین اعوان نے خطاب کرتے ہوئے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ تعلق بندگی کی مضبوطی پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ افراتفری کے اس دور میں منہاج القرآن ہی وہ واحد تحریک ہے جو وقت کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے ہر معاملے میں سنت نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو تھامے ہوئے ہے جس نے نہ صرف علمی طور پر بلکہ عملی اور روحانی طور پر بھی اس تعلق کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے جس کی عملی دلیل حلقات درود کا قیام ہے۔

سیدہ فوزیہ شاہ نے درود وسلام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ درود وسلام ہی وہ واحد ذریعہ ہے جس کے ذریعے مردہ دلوں کی ویران کھیتیوں میں عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بیج بوئے جاسکتے ہیں۔ پروگرام میں مرکزی خطاب منہاج یورپین کونسل کے امیر علامہ حسن میر قادری نے کیا جس میں انہوں نے سفر معراج اور شان مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر روشنی ڈالی۔ زرینہ اکبر نے بھی معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالہ سے گفتگو کی۔محفل میں نقابت کے فرائض مسز شمیم ظہور نے احسن انداز میں سرانجام دیئے۔

پروگرام کے اختتام پر 12خواتین کو ان کی اعلیٰ کارکردگی کے صلہ میں سرٹیفیکٹ دیئے گئے جنہوں سال 2011ء میں اپنی شبانہ روز محنت کے ساتھ جگہ جگہ حلقات درود قائم کروانے میں اپنا کردار ادا کیا، یاد رہے کہ صرف نیلسن او ر اس کے گردونواح میں گذشتہ سال اڑھائی کروڑ مرتبہ درود پا ک پڑھا گیا۔علامہ حسن میر قادری نے خصوصی دعا کرائی جس کے بعد تمام خواتین کی تواضع مصطفوی لنگر سے کی گئی۔

رپورٹ: غلام فاطمہ

تبصرہ

Top