فیصل آباد: تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام ضرب علم سیمینار

مورخہ 11 اپریل 2016ء تحریک منہاج القرآن فیصل آباد کے زیراہتمام ضرب علم سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں خصوصی شرکت تحریک منہاج القرآن کے مرکزی نائب ناظم اعلیٰ انجینئر محمد رفیق نجم نے کی۔ اس موقع پر انجینئر محمد رفیق نجم نے کہا کہ اسلامی معاشرہ عدل و انصاف، برداشت اور انسانی حقوق کے احترام کے بغیر قائم نہیں ہو سکتا، کرپشن، معاشی استحصال، قتل و غارت گری، ناانصافی اور انتہا پسندی کافرانہ نظام کی پہچان ہیں۔ نبی آخرالزماں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پوری انسانیت کیلئے امن اور رحمت کا پیغام بن کر آئے اور انہوں نے ہمیشہ مظلوم، غریب اور یتیم کے سر پر شفقت کا ہاتھ رکھا۔ ان کا سچا امتی سوسائٹی کے کمزور طبقات پر ظلم نہیں کرسکتا۔ ضرب عشق وعلم سے جہالت کے اندھیروں کو روشنی میں بدلا جائے۔ دین محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں تنگ نظروں، انتہا پسندوں، علم کے دشمنوں، خودکش بمباروں اور مذہبی سوداگروں کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضرب علم سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرمرکزی رہنما یوتھ چوہدری بابرعلی، ضلعی ناظم رانا رب نواز انجم، قاری ریاست علی، میاں کاشف محمود، راناغضنفرعلی، غلام محمد قادری، اللہ رکھا نعیم، خالد رفیق ایڈووکیٹ، رانا محمود الحسن، جعفر حسین گجر بھی موجود تھے۔

رانا رب نواز انجم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن انتہا پسندی اور جہالت کے خلاف لڑنے والی سب سے بڑی تحریک ہے مگر منہاج القرآن کو ریاستی دہشتگردی کا نشانہ بنایا گیا، اس کے 14 کارکنوں کو شہید اور 85 کو گولیوں سے چھلنی کیا گیا، نا صرف بے گناہوں کا خون بہایا گیا بلکہ انصاف کے حق سے بھی محروم رکھا گیا، مگر ان تمام تر مظالم اور قربانیوں کے باوجود ہمارے حوصلے بلند ہیں، دہشتگردی اور ظلم کے خلاف سینہ سپر رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں جب تک نظام عدل ٹھیک نہیں ہوگا سیاسی ایوانوں کا ظلم ختم نہیں ہو گا۔ سفارش، رشوت، اقرباپروری کا خاتمہ نہیں ہوگا، کرپشن، بھتہ خوری کا خاتمہ نہیں ہوگا۔ سیاسی ایوانوں میں محب وطن، پڑھے لکھے ایماندار نمائندے نہیں آئیں گے دہشتگردی پھلتی پھولتی رہے گی۔

تبصرہ

Top