فیصل آباد: تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام شبِ مِدحت کا انعقاد

مورخہ: 16 مئی 2016ء

تحریک منہاج القرآن فیصل آباد کے زیراہتمام 16 مئی 2016 کو شبِ مِدحت کا انعقاد کیا گیا جو دور حاضر میں نعت کی کلاسیکی روایت کے امین اور صاحب اصلوب ثناء خوان سید زبیب مسعود شاہ سے منسوب تھی۔ شبِ مِدحت میں نور الحسن، قاری نجم مصطفی، چوہدری بشارت جسپال، ارسلان احمد ارسل، محمد شفیق، علامہ شاہد لطیف، رانا محمد نواز، میاں کاشف محمود، صدارتی ایوارڈ یافتہ قوال استاد شیر علی خان اور مہر علی خان، علی عباس، علامہ عزیزالحسن اعوان اور رانا طاہر سلیم سمیت ملک کی اہم مذہبی، سیاسی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

ڈاکٹراسحاق قریشی، سید ہدایت رسول قادری اور حاجی امین قادری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رسول اکرم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کے شمائل، آپ کے فضائل، آپ کے اوصاف حمیدہ کا بیان خواہ نثر میں ہو یا نظم میں، سب نعت رسول صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کے زمرہ میں داخل ہے۔ نعت خوانی فروغ محبت کا محبوب ترین اور افضل ترین زریعہ ہے کیونکہ ثناءخوانی کی اصل اللہ تعالیٰ کی سنت ہے۔ رسول اکرم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اسم گرامی ہی آپ کی نعت بیان کر رہا ہے، محمد صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کہتے ہی اس ذات کو ہیں جس کی ہر وقت نعت بیان کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ماہ شعبان حضور اکرم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کو محبوب ترین مہینہ ہے۔ شعبان کا مہینہ تفرتوں کو ختم کرنے اور معافی، نرمی اور بخشش تقسیم کرنے کا مہینہ ہے۔ اس مہینے ہمیں لوگوں کو معاف کرنا چاہیے، لوگوں کے معاف کرنے سے اللہ ہمیں معاف کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن نے امن، محبت اور بھائی چارے کے فروغ اور محسن انسانیت صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ذکر کیلئے شب مدحت کا انعقاد کیا ہے جس میں عاشقان رسول صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے ہادی برحق حضور اکرم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم سے والہانہ محبت کا اظہار کیا ہے۔

تبصرہ

Top