فیصل آباد: تحریک منہاج القرآن کی عیدملن پارٹی کی تقریب

تحریک منہاج القرآن فیصل آباد کی ایگزیکٹو کونسل نے 18 جولائی 2016ء کو عیدملن پارٹی کا اہتمام کیا جس میں تحریک منہاج القرآن فیصل آباد کے ضلعی ناظم رانا رب نواز انجم، پاکستان عوامی تحریک فیصل آباد کے ضلعی صدر رانا طاہر سلیم، اللہ رکھا نعیم، علامہ عزیزالحسن اعوان، غلام محمد قادری، رانا غضنفر علی، علامہ غلام مرتضیٰ، رانا محمودالحسن، میاں امجد قادری، رانا ناصر نوید، شاہد سلیم اور خالد رفیق سندھو سمیت کارکنان اور سماجی شخصیات شریک تھیں۔

عید ملن پارٹی کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے رانا رب نواز انجم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں معصوم اور نہتے کشمیری عوام کا قتل عام قابلِ مذمت اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ تشدد کی تازہ لہر سے خطہ کے امن کو سنگین خطرات لاحق ہو چکے ہیں۔ شریف برادران کو آزادئ کشمیر اور پاکستان کی سلامتی و بقا کے امور سے کوئی دلچسپی نہیں۔ ’بادشاہ سلامت‘ چاہتے ہیں بس ان کے اثاثے، اکاؤنٹس اور کاروبار سلامت رہیں۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کا خون انکے گلے پڑے گا۔ 14 بےگناہوں کے قتل عام پر آج تک کسی ایک بڑے افسر کو نہیں پکڑا گیا، حکمرانوں کو علم ہے کہ وہ جس بڑے کو بھی ہاتھ لگائیں گے وہ وعدہ معاف گواہ بن جائیگا۔

رانا طاہر سلیم نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی کوئی کشمیری خارجہ پالیسی نہیں ہے۔ قومی مفادات کی جگہ ذاتی مفادات لے چکے ہیں۔ کرپٹ، کمزور اور نااہل قیادت خطے کے اندر پاکستان کے مفادات کا تحفظ کرنے کے قابل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کرپشن، ظلم و بربریت اور نا انصافی سے تنگ آ چکے ہیں۔ 45 ڈگری کے درجہ حرارت پر 16، 16 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا سامنا کر رہے ہیں، لوڈ شیڈنگ نے کاروبار زندگی معطل کر دیا ہے جبکہ حکمران اپنے محلات میں چین کی نیند سوئے ہوئے ہیں۔ ریاستی طاقت اور وسائل کے ذاتی اور سیاسی استعمال کا نام جمہوریت رکھ لیا گیا۔ عوام اب ظلم و بربریت کی حکومت سے نجات اور تحریک احتساب چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت خطرے میں ہے اور موجودہ حکمران اپنی کرپشن اور لوٹ مار سے ملک کی جڑیں کھوکھلی کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری 31 جولائی کو پاکستان اور اسکے عوام کا درد رکھنے والی جملہ قومی قیادت سے مشاورت کے بعد آئندہ کے فیصلہ کن لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ یہ وقت گھر میں بیٹھنے اور کڑھنے کا نہیں بلکہ پاکستان کو بچانے کیلئے عملی جدوجہد کا وقت ہے۔

رپورٹ: غلام محمد قادری، سیکرٹری اطلاعات تحریک منہاج القرآن ضلع فیصل آباد

تبصرہ

Top