فیصل آباد: تحریک منہاج القرآن کی دارالعلوم نوریہ رضویہ میں ’پیغام شہادت کانفرنس‘

فیصل آباد کے دارالعلوم نوریہ رضویہ گلبرگ اے میں پیغام شہادت کانفرنس 13 اکتوبر 2016 کو منعقد ہوئی، جس کی صدارت سید ہدایت رسول قادری نے کی۔تحریک منہاج القرآن کے مرکزی رہنماعلامہ غلام ربانی تیمور نے کانفرنس سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ قافلہ اہل بیت اطہار نے کربلا میں  تاریخ عالم کی بے مثال قربانیاں دے کر مظلوم اور پسے ہوئے عوام کے حقوق کا تحفظ کیا۔ امام حسین علیہ السلام کی بہادری، شجاعت اور دلیری نے یزیدی قوتوں کے سامنے کلمہ حق بلند کر کے نانا کے دین کی لاج رکھی۔ یہ اہل بیت اطہار کی قربانیوں کا نتیجہ ہے کہ آج دنیا کو ظلم اور ظالم کی پہچان نصیب ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ظالم اور سفاک حکمرانوں کے سامنے کبھی سرنڈر نہ کرنا کربلا کا پیغام امن ہے۔ یزید ملعون نے اقتدار بچانے کیلئے مقدس نفوس کی بے حرمتی کی اور کائنات کے بدترین ظلم و جبر کا ارتکاب کیا۔ یہی وجہ ہے کہ حضرت امام حسین علیہ السلام رہتی دنیا تک کیلئے حق اور یزید کے ظلم وجبر کا استعارہ بنے۔

کانفرنس میں علامہ عبدالرشیدجامی، حاجی امین القادری، ڈاکٹر یوسف سیالوی، علامہ منیر احمد شہباز، قاری محمدصدیق قادری، اللہ رکھا نعیم، سید حمایت رسول قادری، قاری کرامت علی اور غلام مصطفی نے بھی اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ حسینیت اور یزیدیت الگ الگ فکر کا نام ہے۔ جہاں حسینی فکر ہو گی وہاں ظلم اور بربریت نہیں ہو گی۔ جہاں جبر و تشدد اور وحشت و بربریت ہو تو سمجھ لیجئے کہ سماج نے یزیدیت کے ساتھ سمجھوتہ کر لیا ہے۔ انہوں نے علمائے کرام اور مشائخ عظام پر زور دیا کہ وہ منبر رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے بھائی چارے، یگانگت اور برداشت کا درس دیں کیونکہ یہ وقت اتحاد و اتفاق کیلئے کام کرنے کا ہے۔ان حالات میں امت مسلمہ کے ہر فرد اور بالخصوص نوجوان اپنے کردار کو حضرت امام حسین علیہ السلام کی فکر میں ڈھال کر وقت کے یزید کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔

کانفرنس کا اختتام دعا سے ہوا۔ اس موقع پر ملکی سلامتی و ترقی، بین المذاہب بھائی چارے اور مساوات کے قیام کے لیے بھی خصوصی دعا کی گئی۔

تبصرہ

Top