کورونا: منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے فیصل آباد بھر میں ماسک اور سینی ٹائزر کی تقسیم

مورخہ: 28 مارچ 2020ء

منہاج ویلفیئر فاوَنڈیشن فیصل آباد کے زیراہتمام پی پی 116 میں کروناوائرس کی آگاہی مہم میں، ملت چوک، نشاط آباد، مانانوالہ، ملک پور عوام میں 5000 ماسک اور 2000 سینی ٹائزر لوشن تقسیم کیے گئے۔ اس مہم میں پی پی 116کے عہدیداران، کارکنان، نے بھرپورحصہ لیا۔ اس موقع پر مرکزی نائب ناظم اعلیٰ انجینئر محمد رفیق نجم، رانا رب نوازانجم، علامہ عزیزالحسن، رانا طاہرسلیم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انسانی جان کا تحفظ مقدس ترین فریضہ ہے، پاکستان سمیت پوری دنیا کو اس وقت ایک قدرتی وباء کا سامنا ہے، وباء کے نتیجے میں ہونیوالی ہلاکتیں افسوسناک انسانی المیہ ہے۔ ایسی صورتحال میں پوری قوم کو متحدہو کر کرونا وائرس کے چیلنج سے نبٹنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عالمگیر تباہی کے باوجود ہمارے لوگ کوروناوائرس کی ہلاکت خیزی کا ادراک نہیں کررہے۔ حکومت لاک ڈاؤن پرسختی سے عمل کروائے، ان چھٹیوں کو سیر سپاٹے کا ذریعہ مت بننے دیا جائے۔ تمام شہری اس مشکل گھڑی میں حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کریں، یہی ہمارے پیارے نبی کی سنت ہے۔

سہیل مقصود، رائے ساجد حسین، عمر فاروق، اعجاز بادشاہ، ذہیب بشیر، غلام محمد قادری، محمدسعید نے کہا کہ اس امر میں کوئی شبہ نہیں کہ جزوی لاک ڈاؤن سے بھی کاروباری سرگرمیاں معطل ہو گئی ہیں، لاکھوں خاندان جن کی گزر بسر یومیہ اجرت پر تھی وہ تکلیف دہ صورتحال سے دو چار ہیں اور عوامی زندگی کیلئے مشکلات کھڑی ہورہی ہیں لیکن انسانی جان کے تحفظ کیلئے اقدامات بروئے کار لانا بھی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک تو کورونا وائرس کی آزمائش ہے دوسری آزمائش صاحب حیثیت افراد کیلئے بھی ہے کہ وہ اللہ کے دیئے ہوئے مال میں سے مستحقین کی کس طرح مدد کرتے ہیں۔ ہمسایہ، ہمسائے کی خبر رکھے، صاحب ثروت حضرات عزیز و اقارب، دوست احباب کے ساتھ جذبہ ایثار سے کام لیں اور ایک دوسرے کے دکھ سکھ بانٹے اس کے ساتھ ساتھ اللہ سے بھی معافی طلب کریں، سچے دل سے مانگی گئی معافی کو اللہ رد نہیں کرتا، انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کی مہم قوم کو متحد اور مستعد کرنے کا نادر موقع ہے۔ انہوں نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے فیصل آباد بھر میں ماسک اور سینی ٹائزر لوشن تقسیم کرنے کے جذبہ ایثار پر عہدیداروں، کارکنوں کو مبارکباد دی۔

تبصرہ

Top