صدر منہاج القرآن نے کراچی میں نظام المدارس پاکستان کے دفتر کا افتتاح کیا

Nizam ul Madaris Pakistan Karachi Inauguration

کراچی (28 فروری 2021) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے شاہ لطیف ٹاؤن کراچی میں نظام المدارس پاکستان کے دفتر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر مفتی مکرم خان قادری، مرزا جنید، مسعود عثمانی، زاہد لطیف، علی وقار قادری، مظہر محمود علوی سمیت تحریک منہاج القرآن سندھ اور کراچی کے عہدیداران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ افتتاحی تقریب کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ اسلام میں فرقہ واریت اور انتہا پسندی کی کوئی گنجائش نہیں ہے، قرآن و سنت کی تعلیمات، باہمی اخوت، تحمل و برداشت اور اعتدال و میانہ روی کا درس دیتی ہیں۔دینی مدارس اتحاد امت کے قیام اور فرقہ واریت کے خاتمے کےلیے اہم کردار کے حامل ہیں انھوں نے کہا ان شا اللہ نظام المدارس پاکستان کا تعلیمی و تربیتی کردار مدارس دینیہ کے حقیقی مقام و مرتبہ کے احیاء کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کا مزید کہنا تھا کہ اسلام کی نظریاتی، اخلاقی اور فکری عمارت ’لا تفرقو‘ اور ’امۃ وسطا‘ کی بنیاد پر استوار ہے۔ اسلام کی اسی جامع فکر اور تعلیمات سے مثالی اسلامی معاشرہ تشکیل پائے گا۔ انھوں نے کہا کہ ’نظام المدارس پاکستان‘ اپنے بہترین سٹاف نصاب اور تربیت کے ذریعے تمام اہداف کو حاصل کرے گا۔ صدر منہاج القرآن نے مزید کہا کہ جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن کی 35 سالہ بےمثال کارکردگی اور دینی و عصری تعلیم کے اشتراک کا کامیاب تجربہ نظام المدارس پاکستان کے قیام کا باعث بنا ہے۔ انہوں نے مدارس و جامعات کے منتظمین کو دعوت دی کہ وہ اپنے مدارس کو نظام المدارس سے منسلک کریں تاکہ ان کے طلباء و طالبات نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں سے مستفید ہوسکیں اور معاشرے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔

Nizam ul Madaris Pakistan Karachi Inauguration

تبصرہ

Top