تحریک منہاج القرآن الہ آباد کے زیراہتمام قائد ڈے پر محفل سماع

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 61 ویں سالگرہ کے سلسلہ میں تحریک منہاج القرآن الہ آباد اور انجمن غلامان بالا سائیں پیر امیر سائیں کے زیراہتمام 17 فروری 2012ء کو پہلی سالانہ عظیم الشان محفل سماع منعقد ہوئی۔ جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور شیخ الاسلام کی سالگرہ کا مشترکہ پروگرام کو شوکت مارکیٹ کے بالمقابل کنگن پور روڈ الہ آباد میں منعقد ہوا۔ محفل سماع کی صدارت سائیں عمر حیات نے کی۔ جبکہ تحریک منہاج القرآن الہ آباد کے ناظم شیخ ظفر اقبال جنید اور سردار حسن اختر موکل مرحوم کے بیٹے سردار وقاص موکل مہمان خصوصی تھے۔

سماجی رہنماء اور سابق نائب تحصیل ناظم میاں اصغر علی مٹھو، امیدوار ایم پی اے سردار محمد امجد، منہاج القرآن یوتھ لیگ کے صدر رانا سہیل احمد، تحریک منہاج القرآن الہ آباد کے ناظم ویلفیئر محمد عاطف صدیق، بشیر احمد شاکر، ملک عبدالغفار، شیخ عبدالشکور، مقدر حسین، حافظ سیف اللہ، محمد اسلم کوبرا، چوہدری محمد امجد اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے پروگرام میں خصوصی شرکت کی۔

پروگرام کا آغاز شب 8 بجے تلاوت قرآن پاک سے ہوا جبکہ اس کے بعد نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی گئی۔ محفل سماع میں بین الاقوامی شہرت یافتہ اور معروف صوفی قوال مولوی حیدر حسن اختر ویہراں والے نے قوالی پیش کی۔ پروگرام میں سائیں عمر حیات نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کائنات کی وہ عظیم نعمت ہے۔ جس کا شکرانہ ادا نہیں کیا جا سکتا۔ بالخصوص مخلوق آقا علیہ الصلاۃ والسلام کا میلاد منانے کا حق ادا نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ خود اللہ تعالیٰ نے میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منا کر اسے سنت الہی بنا دیا۔ آج ساری کائنات میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد کے ڈنکے بجہ رہے ہیں۔ اس لیے ہمیں بھی اپنی تمام خوشیوں سے بڑھ کر آقا علیہ الصلاۃ والسلام کی ولادت کی خو شی منانا چاہیے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جب مدینہ تشریف لائے تومدینہ کی عورتیں چھتوں پر چڑھ گئیں، مرد اور بچے بازاروں میں نکل آئے اور اہل مدینہ نے آمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر جشن منایا اور پھر ہر سال اصحاب مدینہ نے اس خوشی کو منایا۔

تحریک منہاج القرآن الہ آباد کے ناظم شیخ ظفر اقبال جنید نے کہا کہ کائنات کا وجود بھی آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد کا مرہون منت ہے۔ اس لیے تمام مخلوق میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا مقام و مرتبہ سب سے اعلیٰ ہے۔ میلاد کے مہینے میں آقا علیہ الصلاۃ والسلام کا عشق ہر مسلمان کی آنکھوں سے چھلک پڑتا ہے جواس بات کا ثبو ت ہے کہ ہمارے ایمان کا مر کز و محور آقا علیہ الصلاۃ والسلام کی ذات ہے۔ آپ سید الانبیاء ہیں، دونوں جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجے گئے ہیں۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم انسانیت کے لیے سراپا رحمت ہیں، جس میں کسی کی تخصیص ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اسی پیغام رحمت کو شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری خدمت دین کا فریضہ سمجھ کر سرانجام دے رہے ہیں اور اس عظیم علمی کام کو تجدیدی تحریکیں ہی انجام دے سکتی ہیں۔

محفل سماع کے اختتام پر تمام معزز مہمانوں نے شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمد طاہرالقادری کی 61 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا۔ اس موقع پر شیخ الاسلام کی صحت یابی اور درازی عمر کی خصوصی دعائیں کی گئیں۔ تقریب کی کمپیئرنگ کے فرائض محمد نوازشریف منہاجین نے سرانجام دئیے۔

جھلکیاں

٭محفل سماع کا آغاز رات 8 بجے ہوا۔

٭محفل سماع کے لیے عارضی سماع ہال بنایا گیا، جسے خوبصورت برقی روشینوں سے سجایا گیا۔

٭سنی فورس اور مصطفوی سٹوڈنٹس کے رضا کاروں نے سیکورٹی کی ذمہ داریاں سرانجام دیں۔

٭جب قوال سٹیج پر تشریف لائے تو ہال نعروں سے گونج اٹھا۔

٭ملک پاکستان کے معروف صوفی قوال "مولوی حیدر حسن اختر ویہراں والے" نے اپنے مخصوص انداز میں قوالی پیش کی۔

٭صوفی قوال نے اپنی قوالی کا آغاز "یا غوث پاک آج کرم کرو" سے کیا۔

٭سٹیج پر خوبصورت گلدستے خصوصی طور پر سجائے گئے تھے۔

٭ہال میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرا لقادری کے فرامین پر مشتمل فلیکس آویزاں کیے گئے۔

٭لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے پروگرام کے لیے خصوصی طور پر ہیوی جنریٹر کا بھی بندوبست کیا گیا تھا۔

٭محفل سماع کا اختتام سائیں عمرحیات کی خصوصی دعا سے ہوا۔

رپورٹ: محمد نواز شریف

تبصرہ

Top