پتوکی : عرفان القرآن کورس کی تقریب تقسیم اسناد

مرکزی نظامت تربیت تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام پتوکی میں عرفان القرآن کورس کی تقریب تقسیم اسناد 23 ستمبر 2012ء کو منہاج القرآن کمپلیکس میں منعقد ہوئی۔ جس میں مرکزی ناظم عرفان القرآن کورس علامہ محمد شریف کمالوی، وائس پرنسپل کالج آف شریعہ ڈاکٹر محمد رفیق حبیب، ویٹرنری یونیورسٹی سے مسز سمیرا عباس، معلمہ عرفان القرآن کورس مس تہمینہ شاہ، معلمین عرفان القرآن کورس علامہ محمد شفیق البغدادی اور سید سبطین رضا شاہ سمیت شرکاء کورس نے شرکت فرمائی۔

تقریب کا آغاز باقاعدہ تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کیا گیا جس کا اعزاز شرکاء کورس میں سے سٹوڈنٹس نے حاصل کیا۔ تقریب کے آغاز میں عرفان القرآن کورس کی شرکاء نے اظہار خیال کیا اور نظامت تربیت کے تحت ملک بھر میں جاری مختلف کورسز کو نہایت احسن انداز سے سراہا۔ انہوں نے بانی تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور ڈائریکٹر نظامت تربیت کی عوام الناس کی فلاح و کامرانی، اور افراد معاشرہ کو اسلامی تعلیمات سے شناسائی فراہم کرنے کے لیے عرفان القرآن کورسز کی صورت میں شروع کیے جانے والے اس عوامی منصوبہ کی بڑھ چڑھ کر تعریف کی اور ان کورسز کو آج کے گئے گزرے دور میں عوام الناس کے لیے کامیابی کی ضمانت قرار دیا۔

شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے وائس پرنسپل کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز ڈاکٹر محمد رفیق حبیب نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن موجودہ حالات میں دین کے صحیح تصور کو اجاگر کرنے میں مصروف ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے دور حاضر میں اسلام کی ترقی پسند شکل امت کے سامنے رکھتے ہوئے نوجوانان مسلت اسلامیہ کو دعوت دی ہے کہ آج بھی ہم اسلام کو بطور نظام اپنا کر دنیا کی ترقی یافتہ قوم بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ناصرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر امت مسلمہ کے پیغام امن و محبت کو عام کرنے کے لیے شب و روز مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے نظامت تربیت کی پوری ٹیم کو ملک بھر میں کامیاب عرفان القرآن کورسز منعقد کرنے پر مبارک باد بھی پیش کی۔

بعدازاں علامہ محمد شریف کمالوی نے نہایت مدلل انداز میں خطاب کرتے ہوئے شرکاء کورس کو تحریک منہاج القرآن اور قائد تحریک شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی فکر سے آگاہ کیا کہ اس تحریک کا مقصد امت مسلمہ کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا اور دلوں میں عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیدا کرنا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے نظامت تربیت کے تحت ملک بھر میں جاری آئیں حدیث سیکھیں کورس کا تعارف بھی کروایا۔

آخر میں شرکاء کورس میں اسناد تقسیم کی گئیں اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی درازیء عمر اور وطن عزیز میں امن وسلامتی کی دعا پر تقریب کا اختتام کیا گیا۔

رپورٹ : عظمت فرید جوئیہ

تبصرہ

Top