الہ آباد (قصور) : تحریک منہاج القرآن رسول پور کی تنظیم سازی

ضلع قصور کی تحصیل چونیاں میں تحریک منہاج القرآن کی تنظیم سازی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ اس سلسلہ میں 30 نومبر 2012ء  کو الہ آباد ٹھینگ موڑ  کے نواحی گاؤں موضع رسول پور پوہلیکے میں تحریک منہاج القرآن اور منہاج القرآن یوتھ لیگ کی تنظیم سازی کی گئی۔ رسول پور پوہلیکے میں بابا ولی محمد دربار کی درگاہ میں ایک پروگرام ہوا، جس میں مرکزی نائب منہاج القرآن پنجاب اشتیاق حنیف مغل مہمان خصوصی تھے۔ ان  کے علاوہ دیگر مہمانوں میں صاحبزادہ سیف الرحمان (پرنسپل جامعہ غوثیہ عرفان القرآن ہری کے نول) اور محمد ندیم ظفر (ناظم ممبر شب کھڈیاں) بھی شامل تھے۔  پروگرام میں آستانہ عالیہ حضرت بابا ولی محمد سرکار قادری نوشاہی کے سجادہ نشین بابا نور محمد قادری نوشاہی، منہاج القرآن آلہ آبا د کے صدر شیخ ظفر اقبال سمیت گاؤں کی معزز شخصیات نے بھی بھرپور شرکت کی۔

پروگرام  کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت مبارکہ سے ہوا، جس کی سعادت قاری محمد صائم عطاری نے حاصل کی۔ تحریک منہاج القرآن آلہ آباد  کے ناظم نشر و اشاعت محمد نواز شریف نے پروگرام میں نقابت کے فرائض سر انجام دیتے ہوئے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ شرکاء کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری  کی ویڈیو ڈاکو منٹری بذریعہ پروجیکٹر دکھائی گئی۔ تمام شرکاء نے گہری دل چسپی سے ڈاکو منٹری دیکھی۔ آخر میں مہمان خصوصی اشتیاق حنیف مغل نے اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم شیخ الاسلام ڈاکٹر محمدطاہرالقادری کی پاکستان آمد کے سلسلہ میں آپ کے پاس حاضر ہوئے ہیں۔ اگر آپ اس ملک کی بقاء اور تعمیر و ترقی کا جذبہ رکھتے ہیں تو پھر 23  دسمبرمینار پاکستان جمع ہوں۔

اس موقع پر تمام حاضرین نے اپنے معزز مہمان  کو 23 دسمبر 2012ء کو مینار پاکستان جانے کی یقین دہانی کرائی۔ پروگرام کے اختتام پر تحریک منہاج القرآن رسول پور اور منہاج القرآن یوتھ لیگ کی تنظیم سازی بھی کی گئی۔ منہاج القرآن رسول پور کے نو منتخب عہدیداروں میں ماسٹر محمد یوس سرپرست، شیخ محمد طفیل صدر، شکور احمد سیکرٹری جنرل، شیخ شوکت علی سیکرٹری مالیات، محمد ریاض ناظم ویلفئیر اور رحمت علی سیکرٹری انفارمیشن شامل ہیں۔

منہاج القرآن یوتھ لیگ  کے نو منتخب عہدیداروں میں محمد جاوید صدر، کرامت علی نائب صدر، وسیم رشید سیکرٹری جنرل، محمد سلیم سیکرٹری انفارمیشن، وسیم رشید سیکرٹری فنانس اور محمد بوٹا جوائنٹ سیکرٹری منتخب ہوئے۔

آخر میں نو منتخب عہدیداروں کا معزز مہمان کے ساتھ گروپ فوٹو بنایا گیا، جس کے بعد اختتامی دعا ہوئی۔

رپورٹ: محمد نواز شریف

تبصرہ

Top