ای لرننگ کورس کے کوآرڈینٹرز کے اعزاز میں تقریب

کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز منہاج یونیورسٹی میں ای لرننگ کورس کے سابقہ کوآرڈینٹر محمد اجمل خان اور ان کی جگہ یہ عہدہ سنبھالنے والے محمد ثناءاللہ کے اعزاز میں خصوصی تقریب 24 اپریل 2010ء کو منعقد ہوئی۔ کالج کے پرنسپل آفس میں ہونے والی یہ تقریب محمد اجمل خان کے لیے الوادعی اور محمد ثناءاللہ کے لیے استقبالیہ تھی۔ اجمل خان ای لررننگ کورس کے کوآرڈینیٹر کی ذمہ داری سر انجام دے رہے تھے، اب وہ بہتر مستقبل کے لیے انگلینڈ جا رہے ہیں، جس کے بعد یہ عہدہ منہاج انٹرنیٹ بیورو کے منیجر ملٹی میڈیا محمد ثناءاللہ کو دے دیا گیا ہے۔ محمد ثناء اللہ نئی ذمہ داری سنبھالنے کے لیے کالج آف شریعہ میں شفٹ ہو چکے ہیں جبکہ اس دوران وہ منہاج انٹرنیٹ بیورو میں اپنی جز وقتی خدمات بھی سر انجام دیں گے۔

تقریب کی صدارت کالج آف شریعہ کے پرنسپل ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کی۔ اس موقع پر وائس پرنسپل ڈاکٹر ظہوراللہ الازھری، میاں ممتاز الحسن باروی، منہاج انٹرنیٹ بیورو کے ڈپٹی ڈائریکٹر عبدالستار منہاجین، فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ سے سنیئر ریسرچ سکالر ڈاکٹر فیض اللہ بغدادی، صابر حسین بھٹی، واحد نعیم مغل اور کالج آف شریعہ کے معزز اساتذہ کرام رانا محمد اکرم قادری، صابر حسین نقشبندی اور مراد علی دانش بھی موجود تھے۔ اور ان احباب کے علاوہ ای لرننگ کورس کے استاذہ کرام احسن اویس، حافظ محمد آصف، ناصر علی قادری، محمود رضا طاہری، عادل سفیان اور سید خالد حمید کاظمی شریک تھے۔ اس تقریب کا باقاعدہ آغاز قاری سید خالد حمید کاظمی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد تمام حاضرین نے حضور نبی اکرم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی بارگاہ میں ہدیہ درود پیش کیا۔

تقریب میں کالج آف شریعہ کی انتظامیہ اور پرنسپل ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے محمد اجمل خان کی بطور ای لرننگ کوآرڈینٹر خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ محمد اجمل خان نے ای لرننگ کورس میں بطور کوآرڈینٹر محنت سے کام کر کے مثال قائم کر دی۔ ان کی عمدہ کام کو ان کے پیش رو محمد ثناءاللہ کے لیے سنبھالنا چیلنج سے کم نہیں ہوگا۔ اس موقع پر کالج انتظامیہ اور پرنسپل ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کی جانب سے محمد اجمل خان کے بیرون ملک بہتر مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا گیا۔

تقریب میں محمد ثناءاللہ کو ای لررننگ کورس کا باقاعدہ کوآرڈینٹر مقرر کیا گیا۔ اس موقع پر پرنسپل کالج آف شریعہ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ محمد ثناءاللہ منہاج انٹرنیٹ بیورو کے نہایت محنتی اور جانفشانی سے کام کرنے والے کارکن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ثناءاللہ کی صلاحیتوں پر اعتماد ہے اور ان کی بطور کوآرڈینٹر تقرری سے یہ شعبہ مزید ترقی کرے گا۔

محمد ثناءاللہ نے کہا کہ انہیں نئی ذمہ داری سونپی گئی ہے جس سے بھرپور انصاف کرنے کی کوشش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ای لرننگ کورس مشکل ٹاسک ہے لیکن وہ اس میں اپنی تکنیکی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر بھرپور خدمات سر انجام دیں گے۔

تقریب کے اختتام پر ریفریشمنٹ کا بھی اہتمام کیا گیا۔ تقریب کا باقاعدہ اختتام دعا سے ہوا۔

تبصرہ

Top