صاحبزادہ حسن محی الدین قادری کا ایم۔ فِل اور پی۔ ایچ۔ ڈی اسکالرز کو لیکچر

مؤرّخہ 24 فروری 2011ء کو منہاج یونی ورسٹی کے کالج آف شریعہ میں شعبہ علوم اِسلامیہ اور شعبہ عربی کے ایم۔ فِل اور پی۔ ایچ۔ ڈی اسکالرز سے رابطہ آفس پاکستان برانچ کے چیئرمین صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے خصوصی ملاقات کی اور انہیں لیکچر دیا۔ صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے طلباء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انسان کا قول اُس کی سوچ اور نظریات کی عکاسی کرتا ہے اور نظریات اِن تین چیزوں - مطالعے، مشاہدے اور صحبت - سے تشکیل پاتے ہیں۔ جس شخص کے پاس اچھا مطالعہ، اچھا مشاہدہ اور اچھی صحبت ہو تو اُس کے نظریات بھی اچھے ہوں گے۔ لہٰذا ہر شخص کو چاہیے کہ وہ اپنے مطالعے، مشاہدے اور صحبت کو اچھا رکھے۔ اُنہوں نے کہا کہ آج کے طالب علم کل کے استاد ہیں، لہٰذا وہ اپنی سوچ اور نظریات کو مثبت رکھیں اور اچھے عقائد و نظریات کے حصول کے لیے جد و جہد کریں تاکہ کل وہ یہ نظریات آنے والی نسل کو منتقل کر سکیں۔

ایم۔ فِل اور پی۔ ایچ۔ ڈی اسکالرز نے رابطہ آفس پاکستان برانچ کے چیئرمین صاحبزادہ حسن محی الدین قادری کی گفتگو کو بہت سراہا اور اسے انتہائی مفید اور پُر مغز قرار دیا۔ انہوں نے اس توقع کا اِظہار کیا کہ ان کے ذریعے پاکستان میں مسلم دنیا کی قدیم ترین یونی ورسٹی جامعہ ازہر کی فکر کو فروغ ملے گا اور پاکستانی طلباء کو جامعہ اَزہر میں حصولِ علم کے بہتر مواقع میسر آسکیں گے۔

رابطہ آفس پاکستان برانچ کے چیئرمین صاحبزادہ حسن محی الدین قادری کے خصوصی لیکچر میں ازہریین کی نمایاں تعداد نے شرکت کی، جن میں ڈاکٹر علی اکبر الازہری، منہاج یونی ورسٹی کے کالج آف شریعہ کے وائس پرنسپل (اکیڈمک) ڈاکٹر ظہور اللہ الازہری، ڈاکٹر محمد اصغر جاوید الازہری، واگ پاکستان برانچ کے ڈائریکٹر شفاقت علی بغدادی الازہری، محمد عثمان الازہری، محمد حامد الازہری، قاری محمد اشتیاق الازہری بھی شامل ہیں۔

تبصرہ

Top