منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے زیراہتمام عظیم الشان تقریب تقسیم انعامات

مورخہ: 02 جون 2011ء

منہاج ایجوکیشن سوسائٹی غیر سرکاری سطح پر سب سے بڑا تعلیمی منصوبہ ہے جس کی زیر نگرانی ملک بھر میں 630 سے زائد سکولز عامۃ الناس کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے بنائے گئے ہیں۔ ان سکولز میں پڑھنے والے طلبہ ہر سال بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن میں پوزیشن حاصل کرتے ہیں۔ جن کی حوصلہ افزائی کے لیے منہاج ایجوکیشن سوسائٹی مرکز منہاج القرآن پر ایک خوبصورت تقریب کا اہتمام کرتی ہے اور طلبہ کو انعامات سے نوازتی ہے۔ سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے اس سال بھی میٹرک بورڈ کے امتحان سیشن 2009-2010 اور 2010-2011 میں پوزیشن حاصل کرنیوالے طلبہ کے اعزاز میں 2 جون 2011 کو ایک عظیم الشان تقریب منعقد ہوئی۔

تقریب میں سابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ علاوہ ازیں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات نے بھی شرکت کی۔ جن میں سینیٹر محترم ایس۔ ایم۔ ظفر (چیئرمین منہاج ایجوکیشن سوسائٹی)، محترم ڈاکٹر خیرات محمد ابن رسا (وائس چیئرمین ایجو کیشن سوسائٹی)، محترم نیر دادا (آرکیٹیکٹ)، محترم صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی (امیرتحریک منہاج القرآن)، محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی (ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن)، محترم چودھری عبد الجلیل انجم (ممبر منہاج ایجوکیشن ڈویلپمنٹ کونسل) اور محترم محمد شاہد لطیف (ڈائریکٹر منہاج ایجوکیشن سوسائٹی) قابل ذکر ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کا تعلیمی کردار قابل تقلید ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری علمی اور عبقری شخصیت ہیں، ملک کو ان کی ضرورت ہے۔ 1994ء میں ان کا لگایا ہوا منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کا پودا آج تن آور درخت بن چکا اور پھل بھی دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن آ کر حوصلہ ہوا کہ آج قحط الرجال کے دور میں ملک میں ڈاکٹر طاہرالقادری جیسے لوگ موجود ہیں۔ منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے تعلیمی اداروں میں تربیت اور تعلیمی نظام پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کے طلباء باادب بھی ہیں اور باصلاحیت ہیں۔ کم مدت میں 630 سکولز، درجن بھر کالجز اور منہاج یونیورسٹی کا قیام اور تعلیمی نظام کی 70 ممالک تک رسائی منہاج القرآن کی بہت بڑی کامیابی ہے۔ حکومتوں کے کرنے والا کام منہاج القرآن کر رہا ہے اور یہ نیشن بلڈنگ کا کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہماری تنزلی کی بنیادی وجہ علم دین سے دوری ہے۔

تقریب سے سینیٹر ایس۔ ایم۔ ظفر (چیئرمین منہاج ایجوکیشن سوسائٹی) نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن اس صدی کی تجدیدی، اصلاحی تحریک ہے جس کا مقصد امت مسلمہ کو زوال سے نکال کر عروج کی جانب گامزن کرنا ہے۔ منہاج ایجوکیشن سوسائٹی تحریک منہاج القرآن کا ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ (Education Department) ہے جس کے زیراہتمام 630 سکولز قوم کے بچوں کو تعلیم و تربیت کے ساتھ شعور دینے میں مصروف عمل ہیں۔ یہ حقیقت ہے کہ ہماری قوم کے زوال کا بنیادی سبب علم و شعور سے لاتعلقی ہے۔ علم ہی انسان اور حیوان میں فرق کرتا ہے، تاریخ گواہ ہے اقوام کی تقدیر کو علم و شعور سے ہی بدلا جاسکتا ہے۔ اسی لئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمدطاہرالقادری نے مسیحا بن کر قوم کے اصل مرضَ کی تشخیص کی کہ تمام مسائل کی بنیادی وجہ جہالت ہے۔ اس لئے انہوں نے 1994ء میں پاکستان کی غریب عوام کو معیاری اور سستی تعلیم دینے کے لئے ویلفیئر بنیادوں پر تعلیمی منصوبے کا آغاز کیا جو آج وہ غیر سرکاری سطح پر پاکستان کا سب سے بڑا تعلیمی منصوبہ بن چکا ہے۔ ان تعلیمی اداروں کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ یہاں سے پڑھنے والے بچے جدید و قدیم علوم حاصل کر کے اچھے ڈاکٹر، انجینئر اور برنس مین بننے کے ساتھ ساتھ اچھے پاکستانی اور اچھے مسلمان بھی بنیں۔

ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری نے امت مسلمہ کی تنزلی کی وجہ علم سے منہ موڑنا تشخیص کر کے علاج کیلئے تعلیمی اداروں کا جال بچھا دیا ہے۔ آج معاشرہ ملا اور مسٹر کے دو طبقوں میں منقسم ہو گیا ہے۔ انتہا پسندی اس حد تک بڑھ گئی ہے کہ آج ہماری فوجی تنصیبات بھی محفوظ نہیں ہیں۔ آج نظریہ پاکستان سے انحراف ہے، مذہبی انتہا پسندی نے معاشرے کا امن چاٹ لیا، سیکولر انتہا پسندی کے باعث مذہبی اقدار اور کلچر سے منہ موڑ کرمعاشرہ اندھا دھند مغربی تہذیب کی تقلید کی رو میں بہہ گیا ہے۔ پاکستان کو سیکولر سٹیٹ بنانے کی تیاریاں عروج پر ہیں۔ شیخ الاسلام ایسی نسل تیار کرنا چاہتے ہیں جن کے فکر و نظریات پختہ ہوں، وہ اسلاف کی تقلید بھی کریں اور اجتہاد پر بھی یقین رکھتے ہوں۔

تقریب کے آخر میں میٹرک سیشن 2009 کے امتحان میں منہاج ماڈل سکول فیصل آباد کی ہونہار طالبہ حنا اشرف کو فیصل آباد بورڈ میں پہلی پوزیشن، منہاج ماڈل سکول پاکپتن کی ہونہار طالبہ صائمہ کنول کو ملتان بورڈ میں تیسری پوزیشن، اور میٹرک سیشن 2010 کے امتحان میں منہاج ماڈل سکول فیصل آباد کے ہونہار طالب علم حافظ علی حسن کو فیصل آباد بورڈ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے پر منہاج ایجو کیشن سوسائٹی کیطرف سے بالترتیب مبلغ 50000 روپے، 30000 روپے، 40000 روپے بطور انعام دئیے گئے۔ علاوہ ازیں میٹرک سیشن 2009 اور 2010 کے امتحان میں 90 فیصد سے زائد نمبر حاصل کرنے والے طلبہ کو بھی فی طالب علم مبلغ 5000 روپے بطور انعام دئیے گئے۔

تقریب کا اختتام دعائے خیر سے ہوا۔

تبصرہ

Top