لاہور: اجلاس جنرل کونسل تحریک منہاج القرآن

تحریک منہاج القرآن لاہور کی جنرل کونسل کا اجلاس 4 نومبر 2012ء کو مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا جس میں لاہور کی 150 یونین کونسلوں کے 700 سے زائد عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کی، جبکہ امیر لاہور محمد ارشاد طاہر، حفیظ اللہ جاوید، چودھری افضل گجر، انجینئر ثناء اللہ خان، میاں ممتاز احمد، محمد حنیف، محمد عارف چودھری، ذوالفقار احمد اور دیگر قائدین بھی اس موقع پر موجود تھے۔

تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ تبدیلی پاکستان کا مقدر ہے، لاہور کے عہدیداران کا جذبہ دیکھ کر یقین ہو گیا کہ 23 دسمبر کو مینار پاکستان میں تل دھرنے کی جگہ نہ ہو گی۔ ڈاکٹر طاہر القادری کی آمد سے کروڑوں پاکستانیوں کی تبدیلی کی خواہش عمل کا روپ دھار لے گی۔ پاکستان کے غیور عوام مینار پاکستان میں 23 دسمبر کو وہ نظارہ دکھائیں گے جو پاکستانی سیاست میں ایک مثال بن جائے گا۔ مینار پاکستان میں لاکھوں افراد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے استقبالیہ جلسہ میں شرکت کرکے ملک میں حقیقی تبدیلی پر مہر تصدیق ثبت کریں گے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری 23 دسمبر کو سیاست نہیں ریاست بچاؤ کے ایجنڈے کے ساتھ وطن واپس آ رہے ہیں۔

لاہور کے امیر محمد ارشاد طاہر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ڈاکٹر طاہر القادری کی جدوجہد ملک کو حقیقی جمہوریت سے ہمکنار کرنے سے عبارت ہے اور عوام کے چہرے پر خوشحالی اور سکون کی رونق اس وقت تک واپس نہیں آ سکتی جب تک موجودہ نظام انتخاب سے غیر جمہوری اجزاء کا خاتمہ نہیں کر دیا جاتا۔ 23 دسمبر کینسر زدہ نظام کی سرجری کے آغاز کا دن ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے استحکام کے ساتھ ہی 19 کروڑ عوام کی خوشیاں وابستہ ہیں۔ عوام کو ڈاکٹر طاہر القادری کے ریاست بچانے کے ایجنڈے کے ساتھ اتفاق کر کے حقیقی جمہوریت کیلئے وہی کردار ادا کرنا ہو گا جو تحریک پاکستان کے وقت کیا تھا۔ اجلاس سے دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

Top