پتوکی : تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام ورکرز کنونشن

تحریک منہاج القرآن تحصیل پتوکی کے زیراہتمام 30 نومبر بروز جمعۃ المبارک انمول شادی ہال پتوکی میں ورکرز کنونشن کا اہتمام کیا گیا، جس میں سینئر نائب ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل شیخ زاہد فیاض نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ دیگر مہمانانِ گرامی میں ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو، ضلعی کوآرڈینیٹر ضلع قصور اشتیاق حنیف مغل، سیّد محمد علی شاہ و دیگر نے شرکت کی۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے جوانوں نے شیخ زاہدفیاض کا ملانوالہ بائی پاس سے شاندار استقبال کیا اور سینکڑوں کی تعداد میں موٹر سائیکلز پر ایک ریلی کی شکل میں شادی ہال تک استقبال کیا۔ انہوں نے اپنے ہاتھوں میں تحریکی جھنڈے اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تصویر والے فلیکس اُٹھائے ہوئے تھے۔ ہال میں پہنچنے پر معزز مہمانوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے استقبال کیا گیا۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام حکیم اور حضور علیہ الصلوٰۃ و السلام کی بارگاہ میں ہدیہ بترک سے کیاگیا۔ صدر تحریک منہاج القرآن تحصیل پتوکی محمد ندیم مصطفائی نے استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ 23 دسمبر کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا تاریخ ساز عوامی استقبال ہوگا۔ اس سلسلہ میں پتوکی میں تیاریوں کا باقاعدہ آغاز کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک تحصیل پتوکی کی تمام یونین کونسلز میں تنظیم سازی مکمل کی جا چکی ہے اور بیشتر یو سیز میں یونٹ سازی بھی مکمل ہوگئی ہیں اور ان شاء اللہ تحصیل پتوکی سے 100 بسیں مینار پاکستان لے جانے کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔

سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے اپنے خطاب میں کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری 23 دسمبر کو اس ملک میں رائج کرپٹ نظام انتخاب کے خلاف باقاعدہ جدوجہد کا آغاز کریں گے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی آمد پر پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا عوامی استقبال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے مختلف ٹی وی چینلز پر روح پرور اور قوم کی آواز بن کر پاکستان کے موجودہ انتخابی نظام کو فرسودہ، غلامانہ اور مفاد پرستانہ نظام قرار دیکر 65 سال سے جو خواب دیکھا جا رہا تھا، اس کی حقیقی ترجمانی کر دی ہے۔ کیونکہ ہمارے ملک میں دیانتدارانہ انتخابات کی روایت اب تک مستحکم نہیں ہو سکی۔ اس کی بڑی وجہ انتخابات میں بڑے پیمانے پر ہر قسم کی دھاندلی کا راج ہے۔ 23 دسمبر کو ڈاکٹر محمد طاہرالقادری پاکستان کے عوام کو اس جاگیردارانہ اور سرمایہ دارانہ نظام سے نجات کا پیغام لیکر پاکستان آ رہے ہیں۔ اگر پاکستان کے عوام 23 دسمبر کو لاکھوں کی تعداد میں اکٹھا ہو کر پُرامن احتجاج کرتی ہے تو وہ دن دور نہیں جب پاکستان میں امن، محبت اور بھائی چارے کا راج ہوگا۔

ورکرز کنونشن میں تحریک منہاج القرآن کے تمام فورمز کے جملہ عہدیداران، منہاج القرآن علماء کونسل، منہاج القرآن ویمن لیگ، منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے کارکنان کے علاوہ تحصیل پتوکی کی تمام یونین کونسلز اور یونٹس کے ناظمین نے بھرپور شرکت کی۔ تحریک منہاج القرآن بھائی پھیرو، چونیاں اور کھڈیاں خاص سے بھی تحریکی کارکنان نے اپنے وفد کے ساتھ بھرپور شرکت کی۔ شادی ہال خواتین و حضرات کی کثیر تعداد کی وجہ سے پوری طرح بھرگیا تھا، جس وجہ سے اضافی سیٹس کا اہتمام کیا گیا۔

پروگرام کے آخر میں صدر منہاج القرآن علماء کونسل علامہ محمد بخش فریدی نے خصوصی دعا کروائی۔

رپورٹ: تنویر حسین منا، ناظم نشر و اشاعت

تبصرہ

Top