23 دسمبر کو مینار پاکستان میں ملکی تاریخ کا سب سے بڑا پرامن اجتماع ہو گا : ڈاکٹر حسن محی الدین

تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے صدر ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے کہا ہے کہ 23 دسمبر کو پورے ملک سے عوام کا سیلاب مینار پاکستان پہنچے گا جو تاریخ پاکستان کا سب سے بڑا پرامن اجتماع ہو گا۔ لاہور کے غیور عوام لاکھوں کی تعداد میں مینار پاکستان پہنچ کر عوام پاکستان کی میزبانی کا حق ادا کریں گے۔ نئے سال کا سورج ملکی استحکام اور عوامی خوشحالی کا پیغام لے کر طلوع ہو گا۔ ڈاکٹر طاہر القادری 23 دسمبر کو ایسے قومی ایجنڈے کا اعلان کریں گے جو اداروں کو درست سمت میں رہنمائی دے گا اور عوام کو حوصلہ امید اور خوشحالی کی نوید بھی ملے گی۔ ڈاکٹر طاہر القادری کا ایجنڈا ملک بھر کے طبقات کو ایک لڑی میں پرو دے گا۔ پاکستان کا ہر فرد دن کا چین اور رات کی نیند حرام کر کے ملک میں تبدیلی کیلئے مینار پاکستان کے سبزہ زار میں پہنچے اور جس کو مینار پاکستان میں جگہ نہ ملے وہ وہیں کھڑا ہو کر ڈاکٹر طاہر القادری کا پیغام سنے۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری 9 دسمبر کو ٹاون شپ، بغداد ٹاون میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ ڈاکٹر حسین محی الدین القادری، ڈاکٹر رحیق عباسی، محمد ارشاد طاہر، حفیظ اللہ جاوید، غلام فرید اور دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابی نظام بدبو دار جوہڑ بن چکا ہے اور کرپشن کے تعفن سے عوام کا سانس لینا بھی دو بھر ہو گیا ہے۔ اس لئے بوسیدہ ملکی نظام کی صفائی بھی کرنا ہوگی اور اس کے گندے نظام کے پانی کی مستقل نکاسی بھی کرنا ہوگی۔ موجودہ انتخابی نظام جمہوریت کے نام پر ویسٹ کوٹ اور شیر وانی کی بدترین آمریت مسلط کیے ہوئے ہے جس سے نجات حاصل کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ آمریت فوجی ہو یا سیاسی دونوں ملک و قوم کے لیے زہر قاتل ہیں۔ حقیقی جمہوریت کے قیام کے لیے شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری 23 دسمبر کو ایسے قومی ایجنڈے کا اعلان کریں گے جو ملک و قوم کا مقدر بدل دے گا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور نے ہمیشہ پاکستان کی سیاست میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ اہل لاہور 23 دسمبر کو لاکھوں کی تعداد میں پہنچیں گے اور ملک میں مثبت تبدیلی کی داغ بیل پڑ جائے گی۔

ورکرز کنونشن سے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اور لاہور کے امیر ارشاد طاہر اور دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔

پروگرام کا اختتام دعا سے ہوا۔

تبصرہ

Top