ظلم کے خلاف ڈاکٹر طاہر القادری کے ایجنڈے کو سپورٹ کریں گے۔ چودھری شجاعت حسین

ڈاکٹر طاہر القادری کا مشن ملک، عوام اور جمہوریت کیلئے ہے۔ چودھری پرویز الہٰی
انتخابی اصلاحات سے جمہوریت مضبوط ہو گی، ڈاکٹر طاہر القادری آئین کی حکمرانی کی جدوجہد کر رہے ہیں

نائب وزیر اعظم چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ طاہر القادری کا مشن ملک، عوام اور جمہوریت کیلئے ہے۔ نظام انتخاب میں اصلاحات کے ایجنڈے کی تکمیل میں ہم ڈاکٹر طاہر القادری کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ انتخابی اصلاحات سے جمہوریت مضبوط ہو گی اگر یہ اصلاحات پہلے ہو جاتیں تو ضمنی الیکشن کے نتائج مختلف ہوتے۔ ڈاکٹر طاہر القادری ظلم کے خلاف کھڑے ہیں ہم ان کا ساتھ دیں گے۔ ان سے مل کر محسوس کیا کہ وہ نئے ولولے اور سوچ کے ساتھ اپنا مشن مکمل کرنے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ رات شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کے دوران کیا۔

اس موقع پر چودھری شجاعت حسین، مشاہد حسین سید، مونس الہی اور خالد بشیر چیمہ بھی موجود تھے۔ ملاقات میں ڈاکٹر حسن محی الدین القادری اور ڈاکٹر حسین محی الدین القادری نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری آئین کی حکمرانی کی جدوجہد کر رہے ہیں اس سے جمہوریت کی بنیادیں مضبوط ہوں گی۔ انتخابی اصلاحات سے کرپشن کا راستہ رکے گا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدرہ شجاعت حسین نے کہا کہ ظلم کے خلاف طاہر القادری کے ایجنڈے کو سپورٹ کریں گے۔ جمہوریت کی مضبوطی کیلئے انتخابی اصلاحات ضرور ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری سے ملاقات کے دوران تبدیلی کی روشنی دیکھ رہا ہوں۔ ڈاکٹر طاہر القادری کا مشن آئین اور جمہوریت کی پاسداری کا مشن ہے۔ جس سے ملک اور قوم کو یقیناً فائدہ ہو گا۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ چودھری برادران سے پرانا تعلق ہے انکی نیک خواہشات پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

تبصرہ

Top