CCPO اور کمشنر لاہور ڈویژن کی تحریک منہاج القرآن کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات

09 جنوری 2013ء کو CCPO اسلم تنویر اور کمشنر لاہور ڈویژن جواد رفیق ملک نے تحریک منہاج القرآن لاہور کے مرکزی سیکرٹریٹ میں تحریک کے مرکزی قائدین سے ملاقات کی۔ سیکورٹی کے حوالے سے حکومت پنجاب کا موقف بیان کیا، اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کو بتایا گیا کہ لانگ مارچ کا آغاز 13 جنوری کو ماڈل ٹاؤن لاہور سے ہوگا، جبکہ لاہور کے مختلف علاقوں سے قافلے ناصر باغ اور مینار پاکستان سے مرکزی مارچ کا حصہ بن جائیں گے۔ تحریک کی سیکیورٹی ٹیم نے اپنے خدشات کا اظہار کیا اور ضلعی انتظامیہ کو باور کروایا گیا کہ بس مالکان اور ڈرائیورز کو دھمکایا جا رہا ہے، یہ سلسلہ فوراً بند ہونا چاہیے۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ نے فول پروف سیکورٹی کی یقین دہانی کروائی۔

ملاقات میں تحریک منہاج القرآن کے قائدین ڈاکٹر حسن محی الدین، ڈاکٹر حسین محی الدین، ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، داؤد مشہدی، سید الطاف حسین شاہ، حاجی غلام مصطفی ملک، شیخ زاہد فیاض اور قاضی فیض الاسلام کے تحفظات کے جواب میں CCPO اور کمشنر لاہور نے تمام تحفظات پر نوٹس لینے کا وعدہ کیا، اس موقع پر ایم کیو ایم کے رہنما اور رابطہ کمیٹی کے ممبر سینیٹر رضا ہارون بھی موجود تھے۔ بعد ازاں ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق عباسی اور CCPO اور کمشنر لاہور نے مشترکہ پریس کانفرنس میں صحافیوں کو تفصیلات سے آگاہ کیا، جس میں مکمل فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا۔

تبصرہ

Top