لانگ مارچ کچھ دیر بعد لاہور سے روانہ

مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاون کے باہر میلے کا ساماں، شرکاء مارچ پرجوش
گائے کا صدقہ، مارچ کی پرامن تکمیل کے لیے خصوصی دعا
لانگ مارچ کا حتمی روٹس روانگی کے وقت بتایا جائے گا
نظام کی تبدیلی تک مارچ جاری رہے گا۔ شرکاء مارچ کا عزم
سیکیورٹی کے حساس انتظامات، میڈیا کی بھرپور کوریج

تحریک منہاج القرآن کا لانگ مارچ کچھ دیر بعد مرکزی سیکرٹریٹ لاہور سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگا۔ مارچ کے لاکھوں شرکاء تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ کے باہر گراونڈ میں جمع ہو گئے ہیں۔ گاڑیوں کے قافلے تیار ہیں۔ حکومتی روکاٹوں کی وجہ سے ہزاروں لوگ راستوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔ لانگ مارچ کے مختلف مجوزہ روٹس ہیں۔ مارچ کی روانگی کے وقت فائنل روٹ تمام شرکاء کو بتایا جائیگا۔

مرکزی سیکرٹریٹ

ماڈل ٹاون میں منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ گزشتہ اڑتالیس گھنٹوں سے مسلسل کھلا ہوا ہے۔ جہاں ملک بھر سے کارکنان کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ منہاج القرآن کے صدر دفتر کے سامنے گراونڈ میں مارچ کے شرکاء موجود ہیں۔ مرکزی سیکرٹریٹ کو جانے والی تمام سٹرکوں پر شرکاء کی آمد کی وجہ سے رش مسلسل بڑھ رہا ہے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری کی رہائش گاہ

میڈیا کے درجنوں نمائندے ڈاکٹر طاہرالقادری کی رہائش گاہ کے باہر موجود ہیں۔ جو لانگ مارچ کے لیے ان کی روانگی کو براہ راست پیش کریں گے۔ رہائش گاہ کے باہر کماونڈو فورس، ایلیٹ فورس سمیت مقامی پولیس انتظامیہ اور اسپیشل برانچ کی سیکیورٹی موجود ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کے گھر کے باہر گاڑیوں کی قافلے بھی کھڑے ہیں۔

بغداد ٹاؤن

تحریک منہا ج القرآن کے بغداد ٹاون، ٹاون شپ مرکز میں ہزاروں شرکاء لانگ مارچ میں شرکت کے لیے تیار ہیں۔ ہفتہ کی رات بھر قافلوں کی بغداد ٹاون آمد کا سلسلہ جاری رہا۔ بغداد ٹاون میں آغوش کی عمارت میں ہزاروں شرکاء کی رہائش کا انتظام کیاگیا ہے۔ جہاں انہیں کھانا بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔ بغداد ٹاون میں قدوۃ الاولیاء سیدنا طاہرعلاؤالدین کے مزار سے ملحقہ گراونڈ میں بھی شرکاء موجود ہیں۔ جو لانگ مارچ کی روانگی کے منتظر ہیں۔

سیکیورٹی

لانگ مارچ کے لیے مرکزی سیکرٹریٹ اور اس کے اردگرد ملحقہ علاقے میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات ہیں۔ پولیس اہلکاروں کے ساتھ منہاج القرآن کی سیکیورٹی ٹیمیں شرکاء کی حفاظت کے فرائض سرانجام دے رہی ہیں۔ لانگ مارچ کے روٹس پر بھی سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔

شرکاء کا جوش و خروش

لانگ مارچ کے شرکاء میں ننھے بچوں سمیت ہر عمر کے لوگ شامل ہیں۔ خواتین کی ایک بہت بڑی تعداد بھی ان میں شامل ہے۔ نجی ٹی وی چینلز سے گفتگو کرتے ہوئے خواتین کا کہنا تھا کہ ہم نظام بدلنے کا عزم لے کر اسلام آباد جارہے ہیں، نظام بدلنے تک ہم وہاں سے واپس نہیں آئیں گے۔ نوجوان شرکاء نے پاکستان کے پرچم اور بینرز اٹھا رکھے ہیں۔ نوجوانوں کی بڑی تعداد نعرہ لگاتے ہوئے اور بھنگڑے ڈالتے ہوئے اپنے روایتی جوش و خروش کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

عوامی قافلوں میں رکاوٹیں

مرکزی سیکرٹریٹ کے سامنے لانگ مارچ کے فلوٹ تیار کھڑے ہیں۔ جن سے باربار یہ اعلان کیا جا رہا ہے کہ لاہور کے داخلی راستوں سمیت مختلف مقامات پر لانگ مارچ کے ہزاروں شرکاء کی بسوں کو روکا جارہا ہے۔ انتظامیہ کی طرف سے مزاحمتی عمل کی شدید مزمت کی جارہی ہے۔

گائے کا صدقہ

منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں صبح دس بجے ایک گائے کا صدقہ دیا گیا۔ اس موقع پر قائدین نے لانگ مارچ کے پرامن تکمیل کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔

گاڑیوں کے قافلے

لانگ مارچ میں جانے والی گاڑیاں منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ کے سامنے پارکنگ ایریا میں موجود ہیں۔ تمام گاڑیوں کو سیکیورٹی چیک اپ کے بعد کلیئرنس دی گئی ہے۔ اس کے لیے گاڑی کی ونڈ اسکرین پر Cheaked کا پاس آویزاں کیے گئے ہیں۔

میڈیا

مرکزی سیکرٹریٹ کے اردگرد لانگ مارچ کی کوریج کے لیے ملکی و غیر ملکی میڈیا کے درجنوں نمائندے موجود ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں میں رپورٹرز کے علاوہ نیوز کاسٹر اور اینکر پرسنز بھی خصوصی کوریج کے لیے آئے ہوئے ہیں۔ میڈیا پر لانگ مارچ کی بھرپور لائیو کوریج جاری ہے۔

لانگ مارچ، مرکزی سیکرٹریٹ سے: ایم ایس پاکستانی

تبصرہ

Top