ناظم تحریک منہاج القرآن الہ آباد کے بھائی بابا نور محمد نوشاہی انتقال کر گئے

تحریک منہاج القرآن الہ آباد کے ناظم شیخ ظفر اقبال جنید کے بھائی اور محمد نواز شریف منہاجین کے چچا جان حضرت بابا نور محمد نوشاہی قادری 15 اپریل 2013ء کو روڈ ایکسڈینٹ میں انتقال کر گئے۔ وہ اپنے تایا زاد بھائی غلام رسول شیخ کے ساتھ گھر سے ٹھینگ موڑ (الہ آباد) جا رہے تھے کہ کنگن پور بائی پاس پر دن 1 بجے روڈ ایکسڈنٹ ہوا۔ جس میں بابا نور محمد قادری نوشاہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر جاں بحق ہوگئے، جبکہ ان کے تایا زاد بھائی غلام رسول شدید زخمی ہیں۔ جنہیں لاہور جنرل ہسپتال لاہور داخل کرایا گیا۔

بابا نور محمد قادری نوشاہی علاقے کی معروف روحانی بزرگ حضرت بابا ولی محمد سرکار قادری نوشاہی کے سجادہ نشین تھے۔ آپ تحریک منہاج القرآن اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سے محبت کرنے والے تھے۔ بابا نور محمد قادری نوشاہی نے الہ آباد اور متعلقہ یونین کونسلز میں بھی منہاج القرآن کے کام کو فروغ دیا۔ ان کی نماز جنازہ مورخہ 16 اپریل 2013ء بروز منگل کو صبح 8 بجے آستانہ عالیہ حضرت بابا ولی محمد سرکار قادری نوشاہی پر رسول پور پولیکے میں ادا کی گی جس میں عقیدت مندوں کے علاوہ سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔

اس موقع پرسابق وزیر خارجہ بیرسٹر خورشید محمود قصوری، امیدوار MNA ڈاکٹر عظیم الدین زاہد لکھوی، سردار حسن اختر موکل مرحوم کے صاحبزادہ سردار محمد وقاص حسن اختر موکل (امیدوارMPA)، سید محمد علی شاہ ضلعی کوآرڈنیٹر منہاج القرآن قصور، محمد نواز مصطفوی (صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ کھڈیاں)، تحریک منہاج القرآن الہ آباد کے صدر ڈاکٹر ناصر شکیل، قاری امانت علی اشرفی، علماء کرام، مشائخ عظام سیاسی و سماجی رہنما، تاجر برادری، ڈاکٹر حضرات کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے کثیر تعداد نے بابا نور محمد قادری نوشاہی کی وفات پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے اظہار تعزیت کیا اور مرحوم  کی مغفرت کیلئے دعا کی۔

تبصرہ

Top