منڈی بہاؤالدین: 5 روزہ دروس عرفان القرآن، پہلا دن

تحریک منہاج القرآن پھالیہ منڈی بہاؤالدین  کے زیراہتمام ماہ رمضان کی پرنور ساعتوں میں 5 روزہ دروس عرفان القرآن کا انعقاد کیا گیا۔ اس سلسلے کا پہلا پروگرام 11 جولائی 2013 کو کمیٹی پارک پھالیہ ضلع منڈی بہاؤالدین میں منعقد ہوا۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ اس موقع پر علماء کرام، پیران کرام، مشائخ اور مرد و خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

درس قرآن سے علامہ فیاض بشیر قادری نے مقصد بعثت انبیاء کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسانیت کو توحید اور بندگی کا پیغام دینے کے لیے انبیاء کرام کو بھیجا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں خدا کی بندگی میں اس وقت تک کمال پیدا نہیں کیا جا سکتا جب تک ظلم و ناانصافی اور وڈیرہ شاہی کا خاتمہ نہ کر دیا جائے۔ اس لئے رب ذوالجلال نے اولوالعزم انبیاء کو یہ مقصد دے کر بھیجا۔ حضرت ابراہیم علیہ سلام، حضرت سیدنا یوسف علیہ سلام، سیدنا موسیٰ علیہ سلام، سیدنا داؤد علیہ السلام، حضرت سلیمان علیہ سلام اور حضور تاجدارِ کائنات حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو بطورخاص ظالم و جابر طبقہ کو للکارنے کا حکم دیا گیا تاکہ معاشرے میں ایسا ماحول میسر آسکے کہ انسانیت بارگاہ خداوندی میں سجدہ ریزیوں کی لذت سے حقیقی طور پر آشنا ہو سکے۔

پروگرام کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی و عافیت کے لیے اللہ کے حضور دعا پیش کی گئی۔

تبصرہ

Top