لاہور: 5 روزہ دروس عرفان القرآن کی چوتھی نشست

تحریک منہاج القرآن عزیز بھٹی ٹاؤن لاہور کے زیراہتمام 5 روزہ دروس عرفان القرآن کے چوتھی نشست کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت سینیئر رہنما تحریک منہاج القرآن عزیز بھٹی ٹاؤن لاہور حاجی محمد ارشد طاہر نے کی۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت قاری عبد الطیف سیالوی نے حاصل کی، جبکہ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منہاج نعت کونسل اور بلالی برادران نے پیش کی۔

اس موقع پر علامہ محمد فیاض بشیر قادری نے مقصد بعثت انبیاء کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انبیاء کی بعثت کا مقصد حق کو غالب کرنا اور باطل کا راستہ روکنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے نمرود کی باطل قوتوں کا مقابلہ کیا، حضرت موسی علیہ السلام نے فرعون کی باطل قوتوں کا مقابلہ کیا، حضرت یوسف علیہ السلام نے بادشاہت کے ذریعے حق کا نظام نافذ کیا اور محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے مکہ کے باطل سرداروں کا مقابلہ کیا اور فتح مکہ کے بعد حق کا نظام عرب میں نافذ کیا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن انبیاء کرام کے نقش قدم پر چلتے ہوئے باطل اور طاغوتی قوتوں سے مقابلہ کر رہی ہے۔ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی قیادت میں پاکستان کے باطل، فرسودہ، کرپٹ نظام کو جڑ سے اکھاڑنے کی جدوجہد میں مصروف ہے۔

پروگرام کے اختتام پر علامہ محمد فیاض بشیر قادری نے اللہ کے حضور ملک و قوم کی سلامتی و عافیت کے لیے دعا پیش کی، بعد ازاں 10 حاضرین میں بذریعہ قرعہ اندازی خصوصی انعامات تقسیم کیے گئے۔

واضح رہے کہ پروگرام میں میاں زاہد اسلام (ZS Associates) کو شعبہ ویلفیئر میں خدمات کی بناء پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری ایوارڈ دیا گیا۔

تبصرہ

Top