شہر اعتکاف 2013 سج گیا، ہزاروں سالکین معتکف

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خود اعتکاف میں شریک ہیں۔
موسمی شدت کے پیش نطر منتظمین کی جانب سے اعلیٰ ترین انتظامات
نماز تروایح کے بعد صبح سحری تک شیخ الاسلام کا خصوصی خطاب ہوگا

تزکیہ نفس، فہم دین، اصلاح احوال، توبہ اور آنسوئوں کی بستی شہراعتکاف 2013ء جامع المنہاج بغداد ٹائون (ٹائون شپ) لاہور میں سج گیا، جہاں دنیا بھر سے ہزاروں معتکفین شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سنگت میں معتکف ہیں۔ گزشتہ چار سال کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ شیخ الاسلام خود اعتکاف میں شریک ہیں۔

تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام 23ویں سالانہ مسنون اعتکاف 2013ء کا باقاعدہ آغاز نماز مغرب کی ادائیگی سے ہوا۔ جس کے بعد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے بذات خود تمام معتکفین کو خوش آمدید کہا۔ شیخ الاسلام نے نماز عشاء کی امامت خود کرائی، آپ کی قرات نے شہر اعتکاف میں ایک روحانی سماں باندھ دیا۔ ہزاروں شرکاء نے نماز عشاء اور تروایح بھی شیخ الاسلام کے ساتھ ادا کی۔ اس اعتکاف میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کے علاوہ حماد مصطفیٰ القادری اور شیخ احمد المدنی بھی شریک ہیں۔

شدید گرم موسم کے باوجود شہر اعتکاف میں گزشتہ سالوں کے مقابلے میں معتکفین کی بہت بڑی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ تاہم انتظامیہ نے پہلے سے کئی گنا بہتر انتظامات کر کے اعلیٰ ترین سہولیات فراہم کیں ہیں۔ خصوصا گرم موسم کے پیش نظر اعتکاف گاہ میں مختلف مقامات پر خصوصی طور پر تیارکردہ بڑے سائز کے پنکھے لگائے گئے ہیں۔ مسجد کے اندرہال کے لیے میگا سائز کے ای سی کام کر رہے ہیں۔ ان اے سیز کو مسجد کے ساتھ بڑی وین میں رکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ معتکفین کی سہولت کے لیے جگہ جگہ ٹھنڈے اور صاف پینے پانی کے انتظامات، چلرز اور کولرز بھی موجود ہیں۔

شہر اعتکاف میں معتکفین کی آمد کا سلسلہ ایک دن قبل شروع ہو گیا تھا۔ تاہم اعتکاف گاہ کے داخلی دروازوں پر آج سارا دن معتکفین کا بہت زیادہ رش دیکھنے کو ملا۔ جہاں سیکیورٹی سیکرننگ اور رجسٹریشن کارڈز کی چیکنگ کے بعد شرکاء کواعتکاف گاہ میں داخلے کی اجازت ملی۔

دوسری جانب منہاج کالج برائے خواتین اورمنہاج یونیورسٹی کے ہاسٹل میں خواتین کی اعتکاف گاہ ہے۔ جہاں ہزاروں خواتین معتکف ہیں۔ انہیں مرکزی اعتکاف گاہ سے تمام کاروائی بذریعہ ویڈیو براہ راست دکھائی جائے گی۔ اس اعتکاف کا سارا انتظام منہاج ویمن لیگ کی ٹیم کے پاس ہے۔

شہر اعتکاف میں حفظان صحت کے اصولوں کے عین مطابق شرکاء کے لیے سحری وافطاری کا نہایت بہترین انتظام کیا گیا ہے۔ بیس رمضان المبارک کی شام کو شرکاء کو ان کے حلقوں میں بروقت افطاری فراہم کی گئی۔

امسال موسم گرما کی شدت کے پیش نظر شہر اعتکاف کے شیڈول میں تبدیلی کی گئی ہے۔ روزانہ نماز تروایح کے بعد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا خصوصی خطاب ہوگا، جو سحری سے پہلے تک جاری رہے گا۔

شہراعتکاف میں شیخ الاسلام کے خطابات اور نماز تراویح سمیت دیگر محافل کی براہ راست نشریاتی کوریج MinhajTV پر کی جا رہی ہے۔

تبصرہ

Top