ملک میں تبدیلی کا واحد راستہ مصطفوی انقلاب ہے، کرپٹ نظام کا حصہ بن کر تبدیلی ممکن نہیں، شیخ زاہد فیاض

بجلی اور گیس کی عدم دستیابی کے باعث ملک میں معاشی و اقتصادی بحران بڑھ رہا ہے۔
سیاستدان ملک کی بہتری اور خوشحالی کی بجائے ایک دوسرے پر کیچڑ اچھال رہے ہیں۔ مفتی ارشاد حسین سعیدی
بڑھتی ہوئی بے روزگاری نے عوام کو جینے کے بنیادی حق سے بھی محروم کر دیا ہے۔ چوہدری قمر عباس دھول
پاکستان عوامی تحریک ملتان کے زیر اہتمام ضلعی ورکرز کنونشن سے مرکزی صدر پاکستان عوامی تحریک اور دیگر قائدین کا خطاب

ملتان (12 ستمبر 2013) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر شیخ زاہد فیاض نے ملتان میں عظیم الشان ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بلا شبہ ایک ایٹمی طاقت ہے لیکن ملک میں تعلیمی پسماندگی عروج پر ہے۔ پرائمری کی سطح سے لے کر یونیورسٹی تک تعلیمی نظام ابتر صورتحال سے دوچار ہے۔ تعلیمی ادارے کمائی کا ذریعہ بن چکے ہیں اور سرکاری تعلیمی ادارے صرف ڈگریاں بانٹ رہے ہیں۔ حکومتوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے صنعتی شہروں میں بجلی اور گیس کی عدم دستیابی کے باعث ملک میں معاشی و اقتصادی بحران بڑھ رہا ہے۔ بڑھتی ہوئی بے روزگاری نے عوام کو جینے کے بنیادی حق سے بھی محروم کر دیا ہے۔ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے معمولات زندگی متاثر ہو چکے ہیں۔ پانی نہ ملنے کی وجہ سے زمیندار اور کاشتکار طبقہ فاقہ کشی پر مجبور ہے۔ اور ان سارے مسائل کی وجہ موجودہ کرپٹ، استحصالی اور ظالمانہ نطام ہے جو اچھی قیادت کو آگے نہیں آنے دیتا۔

انہوں نے کہا کہ جب تک ملک سے اس ظالمانہ کرپٹ نظام کا خاتمہ نہیں ہوتا، عوام ظلم وجبر کی چکی میں پستے رہیں گے۔ تبدیلی کا واحد راستہ مصطفوی انقلاب ہے اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی قیادت میں قوم جلد ہی مصطفوی انقلاب کا سویرا دیکھے گی اس کیلئے قوم کے ہر فرد کو مصطفوی جانثار بننا ہوگا۔ ڈاکٹر طاہر القادری کے دیئے گئے ٹارگٹ کے مطابق ایک کروڑ نمازیوں کی تیاری کا عمل جاری ہے جس کیلئے ہمارے کارکن ہر گھر اور محلے تک مصطفوی انقلاب کا پیغام پہنچائیں گے۔

زونل ناظم دعوت مفتی ارشاد حسین سعیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں معاشی عدم استحکام کی ایک بنیادی وجہ مذہبی و لسانی انتہا پسندی اور دہشت گردی بھی ہے۔ ان مسائل کی وجہ سے بیرونی سرمایہ کار یہاں سرمایہ کاری سے گریز کر رہے ہیں۔ ٹارگٹ کلنگ اور دیگر مسائل کی وجہ سے مقامی سرمایہ کار اور تاجر اپنا سرمایہ بنگلہ دیش، ملائشیا اور دبئی لے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے ادارے ہوں، عام شہری یامذہبی و سیاسی رہنماء الغرض زندگی کے تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراددہشت و تشدد کی زد میں ہیں۔ زونل ناظم ملتان چوہدری قمر عباس دھول نے کہا کہ ہر طرف عدم تحفظ کے خدشات نے بسیرا کر رکھاہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی حالت اس قدر غیر محفوظ ہو چکی ہے کہ انہیں خود اپنی سیکیورٹی کی ضرورت ہے۔ حال ہی میں ایک غیر ملکی جریدے نے کراچی کو دنیا کا خطرناک ترین ملک قرار دیا ہے۔ نومنتخب حکومت صرف دعوئوں کی حد تک اقدامات کر رہی ہے۔ سیاستدان ملک کی بہتری اور خوشحالی کی بجائے ایک دوسرے پر کیچڑ اچھال رہے ہیں۔ یہ حالات نہ صرف عوام میں بے چینی کی کیفیت کو فروغ دیتے ہیں بلکہ پاکستان اقوام عالم میں متنازع ہوتا جا رہا ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ضلعی امیر تحریک میجر محمد اقبال چغتائی نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کا ہر کارکن اپنے قائد کے حکم پر اپنا تن من دھن نچھاور کرنے کیلئے تیار ہے، ہم مصطفوی انقلاب کا پیغام ہر گھر تک پہنچائیں گے اور ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی ہر کال پر لبیک کہیں گے۔

کنونشن میں علامہ سعید احمد فاروقی، قاری ایاز چشتی، علامہ امیر اظہر سعیدی، پاکستان عوامی تحریک ضلع ملتان کے صدر راؤ وقار احمد، ضلعی ناظم ممتاز نون، میڈیا کوآرڈینیٹر راؤ محمد عارف رضوی، پروفیسر جاویدا ختر، محمد ادریس انصاری، محمد حنیف قادری، غلام رسول غازی، غلام حسین کھوکھر، احسان رمضان ایڈووکیٹ، مہر فدا حسین، چوہدری محمداکرم گجر، مجیب الرحمن ہاشمی، حاجی جمشید علی، رائو عظمت علی، محمد آصف رزاقی، قاسم ابرار کھوکھر، ڈاکٹر نعیم الحسن، ڈاکٹر فاروق ملک، مدثر لغاری، طاہر نون، راؤ اطہر علی اور دیگر عہدیداران شریک تھے۔

تبصرہ

Top