سوشل میڈیا کو پاکستان میں حقیقی جمہوریت کی بحالی کیلئے استعمال کیا جائے: عبدالستار منہاجین کا ٹریننگ کیمپ سے خطاب

مورخہ: 26 مارچ 2014ء

منہاج انٹرنیٹ بیورو کے تحت گزشتہ سال بھر سے پاکستان کے مختلف اضلاع میں سوشل میڈیا کے بہتر اور بامقصد استعمال کے لیے تربیتی کیمپس منعقد کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلہ میں مرکزی سیکرٹریٹ پر بھی رضاکاران کے لیے سوشل میڈیا ٹریننگ کیمپ منعقد کیا گیا، جس میں ڈائریکٹر منہاج انٹرنیٹ بیورو عبدالستار منہاجین اور سوشل میڈیا ممبر محمد یامین مصطفوی نے سوشل میڈیا کے بہتر استعمال پر لیکچرز دیئے۔

اس موقع پر عبدالستار منہاجین نے موجودہ دور میں کرپٹ نظام کے خاتمے کیلئے سوشل میڈیا کی ضرورت و اہمیت کو بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ اچھا کارکن ہمیشہ اپنے لیڈر کا آئینہ دار ہوتا ہے، لہٰذا سوشل میڈیا پر کام کے دوران ہمارے ہر عمل سے یہ ثابت ہونا چاہیئے کہ ہم ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے تربیت یافتہ کارکن ہیں۔ وطن عزیز پاکستان میں رائج کرپٹ نظام کے خلاف آواز بلند کرنے اور پاکستان میں حقیقی جمہوریت کے قیام کے لئے ڈاکٹر طاہرالقادری کی طرف سے دیا جانے والا ایک کروڑ نمازیوں کا ٹارگٹ مکمل کرنے کے لئے سوشل میڈیا کو بہتر انداز میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے رضاکاران کو سوشل میڈیا میں سوشل سرکل کی اہمیت اور اس میں توسیع کے مختلف طریقے سکھائے۔ فیس بک کے علاوہ ٹوٹر Twitter کے استعمال پر مبنی جامع پریزنٹیشن بھی پیش کی، جسے حاضرین نے خوب سراہا۔

سوشل میڈیا ممبر محمد یامین مصطفوی نے سوشل میڈیا کی خرافات اور اس کے منفی پہلوؤں سے باخبر کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر بتائیں اور نئے لوگوں تک حقیقی جمہوریت کی بحالی کا پیغام پہنچانے کے مختلف طریقے پیش کئے۔ انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ نمازیوں کے ٹارگٹ کی طرف تیزی سے بڑھنے کیلئے سوشل میڈیا پر غیرسنجیدہ رویہ، غیراخلاقی پوسٹس، متنازعہ موضوعات اور وقت ضائع کرنے والی بحثوں سے بچنا مصطفوی کارکنان کیلئے نہایت ضروری ہے۔ ایک کارکن کیلئے ضروری ہے کہ وہ وقت کی اہمیت کو پہچانتے ہوئے سوشل میڈیا پر جتنا وقت صرف کریں اسے بہترین مقاصد کے لئے استعمال کرے۔

کیمپ کے آخر پر منہاج انٹرنیٹ بیورو کے تحت بننے والی منہاج القرآن انٹرنیشنل کی 60 سے زائد ویب سائٹس کے مجموعے پر مشتمل ویب سائٹ www.minhaj.net کا افتتاح کیا گیا، جس میں نائب ناظم اعلی رانا فیاض احمد، ڈائریکٹر منہاج انٹرنیٹ بیورو عبدالستار منہاجین، ڈائریکٹر میڈیا قاضی فیض الاسلام، سیکرٹری کوآرڈنیشن پاکستان عوامی تحریک ساجد محمود بھٹی، ڈائریکٹر ایڈمن جواد حامد، ڈپٹی ڈائریکٹر منہاج انٹرنیٹ بیورو محمد ثناء اللہ، سوشل میڈیا کوآرڈینیٹر راشد شہزاد اور دیگر ناظمین و سٹاف ممبران نے شرکت کی۔

اس سے متعلقہ اخباری تراشے ملاحظہ کرنے کے لئے کلک کریں۔

تبصرہ

Top