ڈاکٹر طاہرالقادری نے سانحہ ماڈل ٹاﺅن پر 29 جون کو آل پارٹیز کانفرنس طلب کر لی

مورخہ: 26 جون 2014ء

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری سانحہ ماڈل ٹاﺅن پر 29 جون کو آل پارٹیز کانفرنس طلب کرلی ہے۔ کل جماعتی کانفرنس بلانے کا فیصلہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی زیر صدارت ہونے والے ہم خیال جماعتوں کے اجلاس میں کیا گیا ہے، اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے یک نکاتی ایجنڈا پر اے پی سی بلائی گئی ہے، جس میں تمام جماعتوں کے نمائندوں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج تک ہونے والی تمام ملاقاتیں تعزیتی تھیں، ایم کیو ایم کے رہنماﺅں سمیت جو بھی شخصیات تعزیت اور ملاقات کے لئے آئی ہیں ان سے صرف سانحہ ماڈل ٹاون کے حوالے سے بات چیت کی حکومت کے خلاف "گرینڈ الائنس" پر بات نہیں ہوئی، میں نے کبھی اس کا اشارہ بھی نہیں دیا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ ہم خیال جماعتوں سے ہونے والی آج کی میٹنگ میں بھی کسی گرینڈ الائنس پر گفتگو نہیں ہوئی، ہمارا مقصد حکومت گرانا نہیں ہے، انصاف پر مبنی نئے نظام کے لئے پر امن طریقے سے جنگ لڑیں گے، انقلاب کی کامیابی تک ہماری تحریک جاری رہے گی اور اس ظالم نظام کے خاتمے تک جدو جہد کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر چوہدری شجاعت حسین نے بھی ڈاکٹر طاہرالقادری کے موقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ اے پی سی کا اعلان ہو گیا ہے، اس کاایک ہی ایجنڈا ہے اور وہ ہے سانحہ ماڈل ٹاون، اس کے علاوہ کسی موضع پر ہماری گفتگو نہیں ہوئی۔ اس موقع پر چودھری پرویز الہی، چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا،  مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی نے بھی گفتگو کی۔

تبصرہ

Top