فوج نے بارودی اور ہم معاشی دہشتگردی ختم کرینگے، ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 17 اگست 2014ء

اسلام آباد...... ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے ملک سے بارودی دہشت گردی ختم کردی، ہم معاشی دہشت گردی ختم کریں گے، انہوں نے کہا کہ ان کے دس نکاتی معاشی ایجنڈے کےلئے تمام وسائل پاکستان میں موجود ہیں، ایک روپے کا قرض بھی نہیں لینا پڑے گا۔ طاہر القادری نے پاکستانی عوامی تحریک کے کارکنوں سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس ملک کے کروڑوں غریبوں کو خوشحال بنانے کے لیے 10 نکاتی ایجنڈا پیش کیا، تحقیق کے بعد پتہ چلا کہ اس ایجنڈے پر عمل کے لیے تمام وسائل پاکستان میں ہیں۔ انہوں نے کہا اسلام آباد میں اس وقت شدید بحران ہے، ایسی صورت حال میں وزیراعظم رائے وانڈ جاچکے ہیں، یہ حکومت چند دنوں کی مہمان ہے، طاہرالقادری نے کہا جو نظام پاکستان میں رائج ہےاس میں عوام کو انصاف نہیں مل سکتا، موجود نظام کرپشن زدہ ہے اور اس میں کرپشن کا خاتمہ ممکن نہیں، سیاست دانوں نے کرپشن کا نام جمہوریت رکھ دیا ہے اور اسے بچانا چاہاتے ہیں، کرپشن اس وقت تک ختم نہیں ہوسکتی جب تک نظام نہ بدلا جائے، حکومتی اور انتظامی نظام کی تبدیلی انقلاب کے بغیر ممکن نہیں، انہوں نے کہا وہ مارشل لا کے حق میں نہیں ہیں اور جمہوریت پسند ہیں لیکن حقیقی جمہوریت چاہتے ہیں، ان کا کہنا تھا جو ان کی جان لینا چاہتا اس کے لیے ان کا سینہ حاضر ہے۔

ذرائع: جیو نیوز

تبصرہ

Top