لاہور: ماہانہ مجلسِ ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم - فروری 2015ء

تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ کے صفّہ ہال میں ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا انعقاد کیا گیا، جس میں گوشہ نشینان کے علاوہ خواتین و حضرات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ ماہانہ مجلسِ ختم الصلوۃ النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پروگرام سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے سعودی عرب سے ویڈیو لنک کے ذریعے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک ایسے موقع پر ہفتہ بین المذاہب رواداری منایا جا رہا ہے جب فرانس میں توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کے خلاف دنیا بھر میں آباد ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمان انتہائی غم و غصہ کی حالت میں ہیں اور توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکال رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ چارلی ہیبڈو کے دفتر پر حملہ اور اموات کو کسی مسلمان ملک نے درست نہیں کہا کیونکہ اسلام دہشت گردی کی ہر شکل کے خلاف ہے۔ قانون ہاتھ میں لینے کے عمل کی حمایت سے انتہا پسندی اور دہشت گردی جنم لیتی ہے تاہم آزادی اظہار کے نام پر کسی بھی مذہب کی مقدس ہستیوں کی تضحیک کی دنیا کے کسی ملک کے آئین، قانون میں گنجائش نہیں اور نہ ہی ایسے توہین آمیز رویے کی اقوام متحدہ اور یورپی کنونشن کے چارٹر اجازت دیتے ہیں۔ اب وقت آ گیا ہے کہ دنیا کو امن اور انصاف کا گہوارہ بنانے کیلئے اور تہذیبوں کے مابین تصادم روکنے کیلئے مقابلہ کی بجائے مکالمہ سے کام لیا جائے، آزادی اظہار کے شتر بے مہار اختیار کو مسلمہ بین الاقوامی اقدار اور قوانین کے ماتحت کیا جائے۔ تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر طاہرالقادری نے ملکی سلامتی اور عالمی امن کیلئے خصوصی دعا کی۔

تبصرہ

Top