لاہور: کالج آف شریعہ کے زیراہتمام قائد ڈے کی پروقار تقریب

سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے امسال بھی کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز (منہاج یونیورسٹی لاہور) کے طلبہ نے بزم منہاج 16-2015 کے پلیٹ فارم سے اپنے محبوب قائد کی سالگرہ کے موقع پر تقریبات کا اہتمام کیا۔ جس میں ہر سال کی طرح امسال بھی طلبہ نے بھرپور حصہ لیا اور تقریبات کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔

تقریبات کا آغاز نماز تہجد سے کیا گیا، کالج آف شریعہ کے طلبہ اور بزم منہاج نے جامع مسجد منہاج القرآن میں نماز تہجد ادا کرنے کے بعد اپنے محبوب قائد کے لئے دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا۔ جس کی نگرانی HOD شریعہ ممتاز الحسن باروی نے کی جبکہ اساتذہ میں صابر حسین نقشبندی (نگران بزم منہاج)، حامد الازہری، مراد علی دانش اور ظفر اقبال نے بھی شرکت کی۔

دعائیہ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ عقیدت سے ہوا جس کے بعد محفل ذکر کا بھی انعقاد کیاگیا۔ آخر پر صابر حسین نقشبندی نے اپنے محبوب قائد کی صحت یابی اور درازی عمر کے لئے خصوصی دعا کروائی۔

1۔ کلاس کی سطح پر تقریبات

کالج ہذا میں سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے کلاسز کی سطح پر پروگرام منعقد کیے گئے جس میں فرسٹ ائیر سے لے کر فائنل ائیر تک کے طلبہ نے اپنے کلاس انچارج کی زیرنگرانی خوبصورت تقاریب کا اہتمام کیا۔ تمام کلاسز کو نہایت خوبصورت اندازسے سجایا گیا۔ اساتذہ کی نگرانی میں تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ تقریبات کا آغاز ہوا اور حضور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی شخصیت کو خراج عقیدت پیش کیا گیا، آخر میں دعائیہ کلمات کے ساتھ کیک کاٹے گئے۔

2۔ اجتماعی تقریب

کالج آف شریعہ کی نو منتخب بزم منہاج نے حسین نقشبندی اور مراد علی دانش کی زیر نگرانی کالج ہذا میں طلبہ کے لئے ایک خوبصورت اجتماعی تقریب کا انعقاد کیا، جس کے لئے ہال کو خوبصورتی سے سجایا گیا اور بزم منہاج نے بھرپور محنت کے ساتھ پروگرام کو ترتیب دیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی صاحبزادہ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری چیئرمین سپریم کونسل تھے جبکہ صدارت پروفیسر محمد نواز ظفر اور مفتی عبدالقیوم خاں ہزاروی نے کی۔ تقریب میں تمام اساتذہ کرام اور طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔

اس موقع پر سٹیج سیکرٹری کے فرائض BS-7 سے محمد وقاص شاہد نے سرانجام دیئے۔ پروگرام کا آغاز BS-7 کے طالب علم قاری شبیر احسن مرتضائی کی خوبصورت تلاوت سے ہوا، جبکہ BS-7 سے حافظ محمد ساجد نے حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔ اس کے بعد تقاریر آغاز ہوا، ان تقاریر میں طلبہ نے شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری کی شخصیت کو خراج تحسین پیش کیا اور کارہائے نمایاں پر روشنی ڈالی۔

اردو تقاریر میں BS-1 سے عطاء الفخر، BS-5 اسلامک سٹڈیز سے عظیم عثمانی اور BS-5 اعریبک سے محمد نواز عباس نے حصہ لیا۔ انگلش میں BS-3 کے محمد عمار قیوم نے حصہ لیا اور عربی زبان میں BS-5 کے شاہد کامران رانجھا نے حصہ لیا۔ ان تمام طلبہ نے زبردست انداز میں اپنے جذبات کا اظہار کیا اور قائد تحریک کو خراج عقیدت پیش کیا، جس سے پورا ہال تالیوں سے گونجتا رہا۔

اس دوران جگر گوشہِ شیخ الاسلام صاحبزادہ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری چیئرمین سپریم کونسل نے طلبہ کے ساتھ خصوصی شفقت کرتے ہوئے مہمان خصوصی کے طور پر تشریف لائے۔ جس پر طلبہ نے خوشی اور مسرت اظہار کیا اور خوبصورت انداز میں ویلکم کیا۔ پروگرام کو جاری رکھتے ہوئے BS-7 سے محمد حسنین اور عاقب حسنین کے طرف سے شیخ الاسلام کی شخصیت پر بنائی گئی ڈاکومنٹری دیکھائی جس پر صاحبزادہ صاحب نے خوشی کا اظہار کیا اور طلبہ نے بھی ڈاکومنٹری کو خوب سراہا۔

قصیدہ بردہ شریف اور تحریکی ترانوں کے ساتھ کیک کاٹا گیا جس کے بعد صاحبزادہ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے طلبہ کو قائد ڈے کی مبارکباد دی اور شیخ الاسلام کی صحت یابی کے لئے طلبہ کو دو دو نوافل کو معمول میں شامل کرنے کو کہا جس کے بعد آپ مصروفیات کی بنا پر منہاج یونیورسٹی بغداد کیمپس تشریف لے گئے۔ اس موقع پر پروفیسر محمد نواز ظفر چشتی نے شیخ الاسلام کی زندگی کے مختلف خوبصورت پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور نصیحتی کلمات فرمائے۔ پروگرام کا اختتام مفتی عبدالقیوم خاں ہزاروی کی دعائیہ کلمات کے ساتھ ہوا، جس میں شیخ الاسلام کی صحت یابی اور درازی عمر، آپ کے خانوادے، تحریک کے کارکنان ورفقاء اور اساتذہ و طلبہ کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔

تمام ادارہ جات کی مشترکہ تقریب حسب روایت منہاج یونیورسٹی بغداد کیمپس میں منعقد کی گئی۔ جس میں نگران بزم منہاج صابر حسین نقشبندی اور دیگر اساتذہ کرام رانا محمد اکرم قادری اور حامد الازھری کی زیر نگرانی سال اول سال دوم اور بی ایس ون کے طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب میں کالج کی نمائندگی کرتے ہوئے سات طلبہ کی ٹیم نے حصہ لیا جنہوں نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ بالخصوص انگلش تقریر حسن شیر (سیکنڈ ائیر)، عربی تقریر صدام حسین (BS-7)، اور اردو تقریر محمد جامی (سیکنڈ ایئر) نے بڑے مؤثر انداز میں کیں، جن کو ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے بہت سراہا اور خوشی کا اظہار کیا۔

اساتذہ نے طلبہ اور بزم منہاج کو خوبصورت تقریب کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور دعائیہ کلمات کےساتھ اس تقریب کو برخاست کیا گیا۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمارے عظیم قائد کو صحت وسلامتی سے رکھے اور ان کے سایہ تادیر ہمارے سروں پر قائم رہے اور ان کی زندگی میں مصطفوی انقلاب کا سویرا طلوع فرمائے۔ آمین

رپورٹ: محمد حسن عباس (صدر بزم منہاج)

تبصرہ

Top