حکمران نجکاری کے نام پر قومی اداروں کی لوٹ سیل لگانا چاہتے ہیں: ڈاکٹر رحیق عباسی

لاہور (26 فروری 2015) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا کہ حکمران نجکاری کے نام پر قومی اداروں کی لوٹ سیل لگانا چاہتے ہیں یہ نجکاری نہیں’’ شریف کاری‘‘ ہے قومی دولت اور اثاثوں کو لوٹنے کے منصوبے بنانا حرام خوری ہے جسے پاکستان کے عوام اب کسی صورت برداشت نہیں کرینگے۔ ڈاکٹر رحیق عباسی نے گزشتہ روز واپڈا ایمپلائز پیغام یونین کے نجکاری کے خلاف واپڈا ہاؤس مال روڈ کے سامنے احتجاج اور احتجاجی دھرنے میں شرکت کی اور ملازمین اور عہدیداروں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کیا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی معاشی پالیسیاں آئی ایم ایف بناتا ہے، آئی ایم ایف کے حکم پر حکمران موٹروے بھی رہن رکھ چکے ہیں اور واپڈا سمیت پی آئی اے، ریلوے بھی بیچ کھانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران جب بھی برسراقتدار آتے ہیں منافع بخش قومی اداروں کو اپنے قریبی دوستوں اور مالشیوں کے ہاتھ اونے پونے بیچ کر خزانہ کنگال کر دیتے ہیں، حکمران اداروں کو ٹھیک کرنے کا نعرے لگا کر اقتدار میں آئے اور اب ان پر برائے فروخت کے اشتہار لگارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک ہر طرح کے ظلم کے خلاف سینہ سپر ہونے کی تاریخ رکھتی ہے ہم قومی اداروں کو بچانے کیلئے ملازمین کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں اور جہاں ملازمین کا پسینہ گرے گا وہاں ہمارا خون گرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین ملک بچانے کیلئے گو نواز گو تحریک کا حصہ بنیں، ان حکمرانوں کا ہر دور ملازم اور عوام دشمن ثابت ہوا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وزیر خزانہ واحد وزیرخزانہ ہیں جس نے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ پر اعتراض کیا۔

تبصرہ

Top