فرید ملت ڈاکٹر فریدالدین قادری کے 42ویں یومِ وصال پر منہاج انسٹیٹیوٹ آف قرات و تحفیظ القرآن میں قرآن خوانی

بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے والد گرامی، فریدِ ملت ڈاکٹر فریدالدین قادری رحمۃ اللہ علیہ کے 42 ویں یومِ وصال کے موقع پر 22 جولائی 2016 منہاج انسٹیٹیوٹ آف قراءات و تحفیظ القرآن میں قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا، جس میں پرنسپل آغوش کمپلیکس صاحبزادہ محمود احمد فیضی، وائس پرنسپل محمد عباس نقشبندی، منہاج انسٹیٹیوٹ آف قراءات و تحفیظ القرآن کے اساتذہ اور طلبہ شریک تھے۔ قرآن خوانی کے بعد محفلِ نعت کا بھی اہتمام کیا گیا۔

اس موقع پر طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے محمد عباس نقشبندی نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے والد گرامی ڈاکٹر فرید الدین قادری رحمۃ اللہ علیہ سلوک و تصوف اور شریعت کے علوم میں مہارت کے ساتھ جدید علوم پر بھی مکمل دسترس رکھتے تھے۔ ڈاکٹر فرید الدین قادری رحمۃ اللہ علیہ صاحب علم، صاحبِ عمل اور زہد و تقویٰ کے پیکر تھے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر فرید الدین رحمۃ اللہ علیہ کا امت مسلمہ پر احسان ہے کہ انہوں نے شیخ الاسلام جیسے فرزندِ ارجمند کی بہترین تربیت کر کے اسلام کی عالمی سطح پر خدمت کے لئے مامور کیا۔ ڈاکٹر فرید الدین قادری رحمۃ اللہ علیہ کی زندگی اولاد کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے ہمارے لیے نمونہ ہے۔

صاحبزادہ محمود احمد فیضی نے بھی اظہارِ خیال کیا اور فرید ملت رحمۃ اللہ علیہ کی زندگی کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی۔ تقریب کے اختتام میں ڈاکٹر فرید الدین قادری رحمۃ اللہ علیہ کی بلندئ درجات کے لئے دعا کی گئی۔

تبصرہ

Top