منہاج القرآن لاہور کے وفد کی قصور میں معصوم زینب کے والد امین انصاری سے ملاقات

تحریک منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید وفد کے ہمراہ قصور میں درندگی کا نشانہ بننے والی معصوم زینب کے گھر گئے، وفد میں انجینئر ثناء اللہ خان، راجہ محمود عزیر، ناصر سلطان، حفیظ اللہ جاوید، ساجد اصغر ودیگر بھی موجود تھے۔ وفد نے انسانیت سوز واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے معصوم زینب کے والد حاجی امین انصاری سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حافظ غلام فرید نے کہا کہ عدل وانصاف کا نظام لائے بغیر معاشرے سے خونریزی، سفاکیت کو روکا نہیں جاسکتا۔ معصوم زینب کے قتل پر پوری قوم افسردہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، وزیر اعلیٰ، وزیر قانون کے ساتھ ساتھ قصور کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کو بھی فوری طور پر مستعفی ہو جانا چاہیے، وہ قصور کے شہریوں کی نمائندگی کا حق ادا نہیں کر سکے۔ نام نہاد خادم اعلیٰ کاغذی کارروائیاں کرنے اور روایتی نوٹس لینے کی بجائے فوری طور پر اپنے استعفیٰ کی طرف آئیں اور ماڈل ٹاؤن وقصور میں بے گناہ شہریوں کی ہلاکت کی ذمہ داری قبول کریں۔

انہوں نے کہا کہ کیا قصور میں معصوم بچیوں کی چیخیں ارباب اختیار واقتدار ایوانوں تک نہیں پہنچیں؟ معصوم زینب کی روح انصاف مانگ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قاتل اور کرپٹ حکمرانوں نے پہلے غریب کے منہ سے روٹی کا نوالہ چھینا اور اب عزت تار تار کر رہے ہیں۔ ظالم حکمراں نے معیشت اور معاشرہ دونوں برباد کر دیئے ہیں، اخلاق اور معاشرتی قدروں کا جنازہ لگا دیا ہے۔ حکمران فرسودہ نظام اور اپنی سیاست بچانے کی فکر میں ہیں، جب کہ ڈاکٹر طاہر القادری کو ریاست بچانے کی فکر ہے۔ ان ظالم حکمرانوں اور فرسودہ نظام کا خاتمہ کرنا ہوگا، قوم کو اپنے حقوق کے لیے باہر نکلنا ہوگا ورنہ معصوم بچیوں سے یہ درندے یہی سلوک کر تے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قاتلوں اور ظالموں سے اقتدار چھیننا ہوگا۔

تبصرہ

Top