منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام دروس عرفان القرآن کا انعقاد

مورخہ: 12 مئی 2019ء

تحریک منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام پی پی 155 لاہور میں درس عرفان القرآن منعقد ہوا، جس میں علامہ منہاج الدین قادری نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ روزہ رضائے الٰہی کا بہترین ذریعہ ہے، رحمتوں کی برسات اور دعاؤں کی قبولیت کا مہینہ ہے، لوگوں کی خدمت، رضائے الٰہی کے حصول کا ذریعہ ہے، رمضان المبارک کے ماہ مبارک میں جنت کے دروازے کھول دئیے جاتے ہیں، جہنم کے دروازے بند کر دئیے جاتے ہیں، شیاطین کو جکڑ دیا جاتا ہے، بڑے خوش قسمت ہیں وہ لوگ جن کی زندگی میں رمضان المبارک آیا، انہوں نے کہا کہ ہ میں چاہیے کہ اس مہینے میں زیادہ سے زیادہ نیکیاں حاصل کریں، دن کو روزہ رکھیں رات کو قیام کریں۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا فرمان ہے کہ روزہ اور قرآن حکیم دونوں ہی قیامت کے دن بندے کے حق میں سفارش کرینگے۔ قرآن مجید کو پڑھنا، سمجھنا اور ارشادات ربانی پر عمل پیرا ہو کرہی ہم سچے مسلمان بن سکتے ہیں۔ قرآن اور صاحب قرآن سے تعلق مضبوط کر کے ہی ہم کامیاب اور مطمئن زندگی گزار سکتے ہیں۔

درس عرفان القرآن کی صدارت منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید نے کی، اس موقع پر محمد اصغر ساجد، محمد یعقوب رحمانی، محمد اصغر علی، ثاقب بھٹی، شاہد لطیف بٹ، عبد الروف بٹ، میاں عادل و دیگر بھی موجود تھے۔ حافظ غلام فرید نے اپنی گفتگو میں کہا کہ اسلام انسانیت کو سلامتی اور امن دینے والا مذہب ہے۔ رجوع الی القرآن تحریک منہاج القرآن کے اولین مقاصد میں سے ایک ہے، منہاج القرآن علماء کونسل اور نظامت دعوت وتربیت کے اسکالرز لاہور سمیت پورے ملک میں فہم قرآن کے لیے جو خدمات انجام دے رہیں اس سے معاشرے میں مثبت قدروں کے فروغ میں مدد ملے گی۔

دریں اثناء تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام لاہور سمیت ملک بھر میں رمضان المبارک کے مقدس اور بابرکت مہینے میں دروس عرفان القرآن کا سلسلہ جاری ہے، نماز فجر کے بعد شروع ہونیوالے دروس قرآن میں مرد و خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شریک ہو رہی ہے۔ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات بھی دروس عرفان القرآن میں شرکت کر رہی ہیں۔ منہاج القرآن علماء کونسل اور تحریک منہاج القرآن کی نظامت دعوت و تربیت کے سکالرز دروس قرآن دے رہے ہیں۔

تبصرہ

Top