گورنر پنجاب سلمان تاثیر کا منہاج یونیورسٹی کا دورہ

گورنر پنجاب سلمان تاثیر نے مورخہ 5 فروری 2009ء کو منہاج یونیورسٹی لاہور کے نیوکیمپس کا دورہ کیا۔ گورنر پنجاب صبح ساڑھے نو بجے ٹاون شپ میں منہاج یونیورسٹی کے نیوکیمپس پہنچے، اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر محمد نذیر رومانی، بورڈ آف گورنرز کے ممبر صاحبزادہ حسین محی الدین قادری، ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اور دیگر نے گورنر پنجاب کو خوش آمدید کہا۔

منہاج یونیورسٹی کو اعلیٰ ترین درجہ "W" کٹیگری ملنے کے بعد گورنر پنجاب سلمان کا یہ معمول کا دورہ تھا۔ ڈاکٹر نذیر رومانی نے گورنر پنجاب سلمان تاثیر کو یونیورسٹی کے مختلف ڈائریکٹرز اور معزز مہمانوں کے ساتھ تعارف کرایا۔ گورنر پنجاب کو منہاج یونیورسٹی کے ایڈمنسٹریٹو، ڈائریکٹو سمیت مختلف شعبہ جات کا تفصیلی وزٹ کرایا گیا۔

وزٹ کے بعد یونیورسٹی کے ایڈمن بلاک کے لان میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر محمد نذیر رومانی، بورڈ آف گورنرز کے ممبر صاحبزادہ حسین محی الدین قادری، امیر تحریک صاحبزادہ فیض الرحمٰن درانی،  ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، نائب امیر تحریک پیر خلیل الرحمن چشتی، نائب امیر تحریک بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، ملک محمد اسلم ایڈووکیٹ، رجسٹرار کرنل (ر) محمد احمد، ڈپٹی رجسٹرار جی ایم ملک، کنٹرولر امتحانات چوہدری محمد یعقوب،  ڈین فیکلٹیز ڈاکٹر محمد علی، ڈاکٹر زاہد لودھی، ڈاکٹر نصیر اختر، ڈاکٹر اسلم غوری، ڈاکٹر اکبر سعید، ڈاکٹر طالب، راجہ زاہد محمود، ڈاکٹر علی اکبر قادری پروفیسر نواز ظفر اور مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی موجود تھے۔ اس کے علاوہ منہاج یونیورسٹی کے معزز اساتذہ کرام بھی موجود تھے۔

تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ بورڈ آف گورنرز کے ممبر اور منہاج یونیورسٹی کے کالج آف شریعہ کے پرنسپل ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے تحریک منہاج القرآن کے تعلیمی منصوبہ جات پر بریفنگ دی۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے تعلیمی نیٹ ورک میں ملک بھر میں 572 منہاج سکولز، 5 کالجز اور ایک مرکزی یونیورسٹی کام کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ صوبائی سطح پر مزید 3 یونیورسٹیاں بنانے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت سے چارٹرڈ ملنے کے بعد منہاج یونیورسٹی نے مزید ترقی کی ہے یہی وجہ ہے اس نے بہت کم عرصہ میں اعلیٰ ترین درجہ "W" کٹیگری حاصل کر لی ہے۔

منہاج یونیورسٹی کے رجسٹرار کرنل (ر) محمد احمد نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اور منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے تعلیمی منصوبہ جات پر بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ منہاج یونیورسٹی قانون، فارمیسی، انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کی فیکلٹیز بھی شروع کرنے کا منصوبہ تیار کر چکی ہے۔

منہاج یونیورسٹی کے چانسلر اور گورنر پنجاب سلمان تاثیر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اتنے کم عرصے میں منہاج یونیورسٹی کا ’’W‘‘ کٹیگری حاصل کر لینا اس کے اعلیٰ معیار کی دلیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں منہاج یونیورسٹی کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تعلیمی، ویلفیئر اور بین المذاہب خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں جنہوں نے خود کو فلاح، تعلیم اور امن کیلئے وقف کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو کچھ میں نے مختلف ذرائع سے پڑھا اور سنا تھا، آج وہ سارا کچھ منہاج یونیورسٹی کے وزٹ کے دوران مشاہدہ کر رہا ہوں۔

تقریب کے آخر میں وائس چانسلر ڈاکٹر محمد نذیر رومانی نے گورنر پنجاب اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کا باقاعدہ اختتام دعا سے ہوا۔

مزید تصاویر ملاحظہ فرمانے کے لئے کلک کریں۔

تبصرہ

Top