میلاد النبی (ص) تقریبات : محافل و ضیافت میلاد

(ایم ایس پاکستانی)

ماہ ربیع الاول کی آمد کے بعد تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں محافل و ضیافت میلاد کا سلسلہ جاری ہے۔ روزانہ نماز مغرب کے بعد مشعل بردار جلوس نکالا جاتا ہے۔ جس کے بعد ضیافت میلاد کی تقریب کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ ضیافت میلاد کا پہلا پروگرام یکم ربیع الاول، 27 فروری 2009ء کو ہوا۔ اس پروگرام کی صدارت شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کی۔ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی رہنماء پیر خلیل الرحمن چشتی، ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، سردار منصور علی خان، امیر پنجاب احمد نواز انجم، مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، پروفیسر محمد نواز ظفر، راجہ زاہد محمود، انوار اختر ایڈوکیٹ اور دیگر مرکزی قائدین بھی معزز مہمانوں میں شامل تھے۔ ضیافت میلاد کے اس پہلے پروگرام میں شرکاء کی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔ خواتین کے لیے پنڈال میں الگ باپردہ جگہ مختص کی گئی تھی۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز شب نو بجے تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اس کے بعد نعت خوانی کا سلسلہ شروع ہوا۔ عبدالباسط، عنصر علی قادری، منہاج نعت کونسل، شہزاد برادران اور دیگر نعت خواں حضرات نے مدح سرائی کی۔ پروگرام میں امیر پنجاب احمد نواز انجم نے تمام شرکاء کو تحریک منہاج القرآن کی طرف سے ماہ ربیع الاول کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ الحمد للہ تحریک منہاج القرآن امسال بھی حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے یوم پیدائش کو تزک و اہتشام سے منا رہی ہے۔ تحریک کے مراکز پر اور دنیا بھر میں موجود تحریکی کارکنان آقا علیہ السلام کے میلاد کو ایک مذہبی جشن کے طور پر منا رہے ہیں۔ اس سلسلہ کا عروج 11 ربیع الاول کی شب کو مینار پاکستان لاہور میں عالمی میلاد کانفرنس میں دیکھنے کو ملے گا۔ اس سال بھی عالمی میلاد کانفرنس میں لاکھوں افراد شرکت کر کے آقا علیہ السلام سے محبت کا ایمانی ثبوت دیں گے۔

تقریب میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے بھی مختصر اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ الحمد للہ ہم سب کو اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ آج اللہ تعالیٰ نے ہمیں ایک بار پھر آقا علیہ السلام کے میلاد کا مقدس ماہ نصیب کیا ہے۔ اس مبارک ماہ میں ہمیں زیادہ سے زیادہ سعادتیں سمیٹنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ میلاد منانا کسی ایک مذہب یا گروہ کا عقیدہ نہیں بلکہ قرآن پاک میں خود اللہ تعالیٰ نے آقا علیہ السلام کے میلاد کا حکم دیا۔ شیخ الاسلام نے کہا کہ میلاد مصطفیٰ کائنات کی سب سے بڑی نعمت ہے جس کو جس شاندار انداز اور تزک و اہتشام سے منایا جائے، کم ہے۔ الحمد للہ منہاج القرآن نے ساری دنیا میں آقا علیہ السلام کے میلاد کو مذہبی ثقافت کے طور پر متعارف کرایا ہے۔ ہم اس سلسلہ کو دنیا کے کونے کونے میں پہنچائیں گے۔

مورخہ 28 فروری کو ضیافت میلاد کا دوسرا پروگرام بھی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اس پروگرام میں تحریک کے مرکزی قائدین سمیت لاہور بھر سے خواتین و حضرات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پروگرام میں مختلف نعت خواں حضرات نے نعت خوانی کی آخر میں سلام پیش کیا گیا۔ جس کے بعد حاضرین کے لیے پرتکلف ضیافت میلاد کا اہتمام تھا۔

یکم مارچ کو ہونے والے ضیافت میلاد کے پروگرام کی صدارت صاحبزادہ حماد مصطفیٰ قادری المدنی نے کی۔ پروگرام میں نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی اور پروفیسر محمد نواز ظفر معزز مہمانوں میں شامل تھے۔ ضیافت میلاد کے اس پروگرام کی کمپئرنگ وقاص علی قادری نے کی۔ عبدالباسط، منہاج نعت کونسل، حافظ عنصر علی قادری، شہزاد برادران اور دیگر نعت خواں حضرات نے آقا علیہ السلام کی بارگاہ میں مدح سرائی کی۔ تقریب کے اختتام پر بلالی برادران نے درود و سلام پیش کیا۔ پروگرام کا باقاعدہ اختتام شب پونے گیارہ بجے ضیافت میلاد سے ہوا۔

تبصرہ

Top