سٹوڈنٹس آف منہاج یونیورسٹی کے زیراہتمام حسن قرات و نعت اور اردو تقریری مقابلہ

مورخہ: 23 مارچ 2009ء
سٹوڈنٹس کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز، منہاج یونیورسٹی لاہور کے زیراہتمام مظفرآباد اور ایبٹ آباد کے مدارس اور سکولز کے مابین سالانہ مقابلہ جات 2009ء بمقام دارالعلوم محمدیہ محی الاسلام صدیقیہ ایبٹ آباد میں منعقد ہوئے۔ جس کی صدارت الحاج عبد الغفور نقشبندی نے کی جبکہ ڈپٹی سیکرٹری اسکاؤٹس آزاد جموں و کشمیر عبد الصمد چشتی مہمان خصوصی تھے، دیگر مہمانان گرامی قدر میں سید مجاہد حسین شاہ (صوبائی ناظم تربیت تحریک منہاج القرآن سرحد)، علامہ عبد الرحمن ہاشمی، ضیاء المصطفیٰ منور، عبد الرزاق قادری (ناظم تحریک منہاج القرآن مظفر آباد)، لیاقت علی انجم (صدر تحریک منہاج القرآن مظفرآباد)، محمد جہانگیر ہرجی (ناظم ویلفیئر تحریک منہاج القرآن مظفرآباد)، قاری عبد المتین (پرنسپل غوثیہ گرلز کالج ایبٹ آباد)، محمد ممتاز نقشبندی (پرنسپل غوثیہ گرلز کالج مظفر آباد)، حافظ محمد فیاض (کوآرڈینیٹر ایڈمن دارالعلوم محمدیہ محی الاسلام صدیقیہ)، محمد فرید عباسی (مینیجر مسلم کمرشل بینک پلہیر)، محمد اکرم (ناظم یونین کونسل ککمنگ)، محمد بشیر (سنگی فاؤنڈیشن)، علامہ محمد فاروق، محمد عارف عباسی، محمد حفیظ اعوان، مفتی محمد ایاز، محمد اقبال بٹ (ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول بٹل مظفرآباد)، خواجہ شمس الدین (ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ مڈل سکول ناملی مظفرآباد)، خواجہ جاوید کریم، محمد رفیق عباسی، محمد عتیق یاسر، محمد خلیق عامر، محمد اظہر عباسی (منہاجینز)، محمد حامد (فاضل جامعہ الازہر، مصر)، محمد مہتاب عباسی (فاضل جامعہ الازہر، مصر) کے علاوہ مختلف اداروں کے اساتذہ، طلبہ اور معززین علاقہ نے کثیر تعداد میں شر کت کی۔

پروگرام کا آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا۔ بعد از تلاوت مدحت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی گئی۔ پروگرام میں نقابت کے فرائض حافظ محمد عارف، عبد القدیر طاہری اور محمد حفیظ کیانی نے مشترکہ طور پر سرانجام دیے۔

مدارس اور سکولز کے مابین مقابلہ حسن قرآت میں 8، مقابلہ حسن نعت میں 12 جبکہ اردو تقریری مقابلہ میں 10 اداروں کے طلبہ نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کر تے ہوئے تحریک منہاج القرآن سرحد کے ناظم تربیت سید مجاہد حسین شاہ نے کہا کہ علم اور عمل ایک دوسرے کے ساتھ باہم یکجا ہیں اور علم اس وقت تک نافع نہیں بنتا جب تک کہ اس کے ساتھ عمل صالح شامل نہ ہو۔ دراصل منہاج یونیورسٹی کا مقصد بھی یہی ہے کہ طلبہ کو علم نافع کے ساتھ ساتھ عمل صالح کیلئے مناسب ماحول فراہم کیا جائے تاکہ ان کو اپنی علمی، فکری اور روحانی بالیدگی کا ساماں میسر آسکے۔

تقریب سے خطاب کر تے ہوئے صدر تحریک منہاج القرآن مظفر آباد سید لیاقت علی انجم نے کہا کہ موجودہ زوال نے جہاں ہر شعبہ زندگی پر اپنے گہرے اثرات مرتب کیے ہیں وہاں اس نے نوجوان نسل کے ذہن کوسب سے زیادہ پراگندہ کیا ہے۔ اگر آج ہم اس زوال کوعروج میں بدلنا چاہتے ہیں تو پھر ہمیں اپنی نوجوان نسل کی علمی، عملی، فکری اور روحانی تربیت پر خاص توجہ دینا ہو گی۔

تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا جن میں قاری ضیاء المصطفیٰ منور، فاروق ہاشمی، قاری عبد المتین، حافظ محمد فیاض، رفیق عباسی اور محمد اکرم عباسی شامل تھے۔

تقریب کے شاندار انعقاد میں محترم عبد الصبور (UK) اور محترم محمد نسیم نقشبندی نے سٹوڈنٹس کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز، منہاج یونیورسٹی لاہور کے زیراہتمام ہونے والے مظفرآباد اور ایبٹ آباد کے مدارس اور سکولز کے مابین سالانہ مقابلہ حسن قرات و نعت اور مقابلہ اردو تقریر خصوصی معاونت کی۔

کالج آف شریعہ کی نمائندگی فرسٹ ایئر کے محمد شہباز اور راجہ حماد الرحمن نے کی جبکہ فورتھ ایئر کے محمد ایوب عباسی نے کالج اور قائد تحریک کا تعارف پیش کیا۔

حتمی نتائج کے مطابق مقابلہ حسن قرات میں دارالعلوم صوت القرآن مظفرآباد کے حافظ بشارت نے پہلی، دارالعلوم محمدیہ محی الاسلام صدیقیہ ایبٹ آباد کے عدیل اعوان نے دوسری جبکہ دارالعلوم محمدیہ غوثیہ ایبٹ آباد کے محمد واثق نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مقابلہ حسن نعت میں دارالعلوم تجوید القرآن مظفرآباد کے محمد ندیم نے پہلی، دارالعلوم محمدیہ محی الاسلام صدیقیہ ایبٹ آباد کے سید احناف شاہ نے دوسری جبکہ دارالعلوم صوت القرآن مظفرآباد کے حافظ مشتاق نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مقابلہ حسن تقریر میں شاہین ماڈل سکول مظفرآباد کے محمد شعیب نے پہلی، شاہین گروپ آف سکولز کے خواجہ نوید نے دوسری جبکہ گورنمنٹ پائلٹ ہائی سکول مظفرآباد کے سید انوار نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

آخر میں تمام طلبہ میں اسناد و انعامات تقسیم کئے گئے۔

تبصرہ

Top