ٹریفک وارڈنز کے وفد کا کالج آف شریعہ کا دورہ

مورخہ: 06 مئی 2009ء

لاہور کے ٹریفک وارڈنز کے ایک وفد نے 6 مئی 2009ء کو منہاج یونیورسٹی کے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کا دورہ کیا۔ بارہ رکنی وفد کی قیادت ٹریفک وارڈنز کے نمائندہ ایجوکیشن آفیسر چودھری محمد نعیم گھمن نے کی۔ چودھری عاطف نذیر، احمد سعید، اسحاق سراج، محمد افضل چشتی، شہر یار عقیل، فیاض بھٹی، محمد اشفاق، عرفان جاوید، محمد امجد اور دیگر شامل تھے۔ اس دورہ کے لیے ٹریفک وارڈنز کو کالج آف شریعہ کی انتظامیہ کی طرف سے خصوصی طور پر دعوت دی گئی تھی۔ دورے کا مقصد کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز اور تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ کا وزٹ اور یہاں ٹریفک قوانین کے حوالے سے بریفنگ تھی۔ وفد کی آمد پر کالج آف شریعہ کے سیکرٹری کوآرڈینیشن میاں محمد عباس نقشبندی نے خصوصی طور پر ایک پروگرام منعقد کیا۔ اس پروگرام کی صدارت پرنسپل کالج آف شریعہ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کی۔ وائس پرنسپل ڈاکٹر ظہور اللہ الازھری، مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، ڈاکٹر مسعود مجاہد، ممتاز الحسن باروی، صابر حسین نقشبندی، سید افتخار شاہ اور دیگر معزز اساتذہ کرام نے بھی اس پروگرام میں شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد نعت خوانی بھی کی گئی۔ اس کے علاوہ تمام ٹریفک وارڈنز نے فرداً فرداً اپنا مختصر تعارف بھی کرایا۔

ٹریفک وارڈنز کے نمائندہ اور ٹریفک ایجوکیشن آفیسر چودھری محمد نعیم گھمن نے پروگرام کے شرکاء کو ٹریفک کے قوانین پر بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے تعلیمی اداروں میں ٹریفک قوانین کی تعلیم کو عام کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ اگر نوجوان نسل ٹریفک قوانین کا احترام کرے تو اس سے حادثات کی شرح میں نمایاں کمی واقع ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ کالج آف شریعہ میں طلبہ کو ٹریفک کے قوانین کے حوالے سے خصوصی لیکچر بھی دیں گے۔ چودھری نعیم گھمن نے کہا کہ وہ لاہور بھر کے دیگر تعلیمی اداروں میں بھی جا کر ٹریننگ ٹریفک قوانین کے حوالے سے پروگرامز کر چکے ہیں اور اسی سلسلے میں یہاں بھی آئے ہیں۔ انہوں نے کالج انتظامیہ کے خصوصی تعاون پر شکریہ بھی ادا کیا۔

اس موقع پر کالج آف شریعہ کے پرنسپل ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ ٹریفک اصولوں کی پاسداری کرنا ایک اچھے شہری کی پہچان ہے۔ پاکستانی معاشرہ میں اس شعور کو تیزی سے عام کرنے کی ضرورت ہے۔ اس کے لیے تعلیمی ادارے اور طلبہ اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کالج آف شریعہ کے طلبہ کے لیے ٹریفک قوانین کی آگاہی کے لیے مختلف لیکچرز کا اہتمام کریں گے۔ آخر میں پرنسپل کالج آف شریعہ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے معزز مہمانوں کو طلبہ اور کالج انتظامیہ کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔

پروگرام کے بعد تمام ٹریفک وارڈنز کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا۔

(رپورٹ: محمد نواز شریف)

تبصرہ

Top