دربار غوثیہ لاہور پر ماہانہ گیارہویں شریف

مورخہ: 05 جون 2009ء

گیارہ جمادی الثانی 1430ھ
رپورٹ : شہزاد رسول قادری

بحمد اللہ تعالیٰ ماہ جمادی الثانی کی گیارہ تاریخ 05-06-2009 کو دربار عالیہ غوثیہ بغداد ٹاؤن ٹاؤن شب لاہور میں تحریک منہاج القرآن کے روحانی سرپرست شیخ المشائخ حضور قدوۃ الاولیاء پیر سیدنا طاہر علاؤ الدین رضی اللہ عنہ القادری الگیلانی البغدادی کے مزار اقدس پر ماہانہ گیارہویں شریف کا پروگرام زیر اہتمام دربار انتظامیہ منعقد ہوا اس پروگرام میں سینکڑوں کی تعداد میں مریدین، متوسلین اور معتقدین نے شرکت کی۔ اسی طرح سینکڑوں کی تعداد میں خواتین بھی شریک تھیں۔ مزار اقدس پر چادر پوشی کی گئی اور پھولوں کی چادر بھی چڑھائی گئی۔ اس موقع پر ملک اکرام اللہ، ملک حبیب اللہ، رانا محمد اشرف، حاجی محمد ریاض، ملک محمد اشرف اور تنویر حسین قادری بھی موجود تھے۔ بعد ازاں بعد نماز مغرب محفل پاک کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ دوران پروگرام حاضرین محفل پر ایک وجد آفرین کیفیت طاری رہی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔تلاوت قرآن مجید کی سعادت حافظ طاہر محمود نے حاصل کی جبکہ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم حافظ محمد شاہد، محمد ارشد قادری، صاحبزادہ افتخار الحسن چشتی نے پیش کی اور ہدیہ منقبت بحضور سیدنا غوث الاعظم رضی اللہ عنہ ملک غلام دستگیر اور ملک غلام جیلانی نے پیش کی۔

محترم علامہ قادری محمد افضل (فیصل آباد) نے حضور پیر سیدنا محمد ضیاء الدین صاحب القادری الگیلانی مدظلہ کا خطاب بعنوان ’’علم نافع‘‘ جو کہ آپ نے منہاج یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات کو فرمایا تھا پڑھ کر سنایا جس میں آپ نے فرمایا کہ علم کا حاصل کرنا ہر مرد و عورت پر ہر حال میں ضروری ہے اور آپ نے فرمایا کہ صرف علم انسان کو منزل مقصود تک نہیں پہنچاتا بلکہ علم نافع انسان کو منزل مقصود پر پہنچاتا ہے اور یہی وہ علم ہے جو اللہ تعالیٰ کی معرفت عطا کرتا ہے۔

محترم علامہ حافظ نعیم الرحمن صاحب نے نسبت شیخ کے حوالے سے پُر مغز خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرید صادق کو چاہیے کہ وہ ہر وقت تصور شیخ میں گم رہے اور اپنا سب کچھ مرشد پاک کے قدموں پر نچھاور کر کے قرب و وصال کی لذّتو ں سے آشنا ہوں۔ خطاب کے بعد محترم ڈاکٹر نثار احمد قادری اور اراکین بزم غوثیہ نے ختم غوثیہ شریف پڑھا۔ محترم ملک حبیب اللہ خادم دربار عالیہ نے ذکر کروایا۔ بعد ازاں خصوصی دعا کی گئی۔آخر میں خواتین و حضرات میں لنگرِ غوثیہ تقسیم کیا گیا۔

تبصرہ

Top