تحریک منہاج القرآن کا 19 واں سالانہ شہر اعتکاف شروع

(شہر اعتکاف سے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ایم ایس پاکستانی)

حرمین شریفین کے بعد تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام دنیا کے سب سے بڑے "شہر اعتکاف" میں دنیا بھر سے ہزاروں فرزاندان اسلام 11 ستمبر 2009ء کو اعتکاف بیٹھ گئے ہیں۔ "فہم دین، تزکیہ نفس، توبہ اور آنسوؤں کی بستی" میں اعتکاف کے لیے بیرون ممالک سے معزز معتفکین کی آمد کا سلسلہ ایک ہفتہ قبل شروع ہوا تھا۔ اندرون ملک سے معتکفین ایک دن پہلے ہی جامع المنہاج پہنچنا شروع ہو گئے تھے۔ اعتکاف گاہ میں معزز معتفکین کے داخلہ کا سلسلہ جمعۃ المبارک کی صبح ہی شروع ہو گیا تھا۔ جامع المنہاج میں بسائے جانے والے "شہراعتکاف" میں نماز فجر کے بعد ہی معزز معتکفین کی لمبی لمبی قطاریں لگنا شروع ہو گئی تھیں، تمام معتکفین کو سخت ترین سیکیورٹی چیکنگ کے مراحل سے گزارنے کے بعد جامع المنہاج میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی تھی۔ اعتکاف گاہ میں داخلہ کے لیے مرکزی گیٹ سمیت مختلف داخلی دروازوں پر سخت ترین حفاظتی انتظامات دیکھنے کو ملے۔ ہر داخلی دروازے پر میٹل ڈیٹیکٹر لگائے گئے تھے۔ اس کے علاوہ پولیس کی بھاری نفری، منہاج یوتھ لیگ کے سیکیورٹی اہلکار اور شہر اعتکاف کی انتظامیہ کی سیکیورٹی بھی یہاں موجود تھی۔

جامع المنہاج میں تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض سمیت دیگر مرکزی قائدین نے معزز معتکفین کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر متعکفین پر پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کی گئیں۔ بزرگ اور معمر افراد کے لیے الگ انتظامات بھی کیے گئے تھے۔

گزشتہ سال 2008ء میں معتکفین کی انتہائی بڑھتی تعداد کے پیش نظر امسال معتکفین قرعہ اندازی کے ذریعے "شہر اعتکاف" میں شریک ہیں۔ اس سلسلہ میں 17 رمضان المبارک کو قرعہ اندازی کے بعد خوش قسمت معتکفین کو آگاہ کر دیا گیا تھا۔ ملک بھر میں تحریک منہاج القرآن کی علاقائی تنظیمات کے مخصوص کوٹے کے علاوہ معتکفین کی بڑی تعداد قرعہ اندازی کے ذریعے اعتکاف میں شرکت کر رہی ہے۔

نماز عصر سے قبل منہاج القرآن انٹرنیشنل کے بانی رہنماء ملک محمد بوٹا کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔ تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر تحریک صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی نے نماز جنازہ پڑھائی۔ اس موقع پر تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلی ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، سینئر نائب ناظم اعلی شیخ زاہد فیاض، سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک انوار اختر ایڈووکیٹ، منہاج القرآن علماء کونسل کے ناظم علامہ فرحت حسین شاہ، ناظم مالیات جاوید اقبال قادری، امیر پنجاب احمد نواز انجم اور تحریک کے دیگر مرکزی قائدین و کارکنان کے علاوہ ہزاروں معتکفین نے شرکت کی۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کینیڈا سے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ مرحوم جانثار، وفادار اور مخلص رہنما تھے ان کی تحریک منہاج القرآن کیلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نعلین کے صدقے جوار رحمت میں جگہ دے کر درجات بلند کرے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔

مرحوم ملک محمد بوٹا کی مصطفوی مشن کی ترویج و اشاعت کے لیے کی جانے والی خدمات قابل تعریف ہیں۔ انہی شاندار خدمات کی وجہ سے ان کی تدفین روضۃ المخلصین (بالمقابل منہاج یونیورسٹی) میں کی گئی۔ آپ وہ چوتھی شخصیت ہیں جنہیں آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مشن کی خدمت کے طفیل یہ اعزاز حاصل ہوا۔ اس سے پہلے وہاں شہید تنویر احمد قریشی، شیخ محمد رفیع اور محمد اشرف اوپل آرام فرما ہیں۔ روضۃ المخلصین بغداد ٹاؤن (ٹاؤن شپ)، لاہور میں واقع ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے زمین کے اس حسین ٹکرے کو روضۃ المخلصین کا نام دیا ہے۔ آپ نے یہ جگہ ان خوش نصیب عشاقان مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لیے مختص کی ہے جنہوں نے پیارے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مشن کے لیے اپنی زندگی قربان کی ہے۔

نماز عصر کے بعد ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ الحمد للہ اس سال بھی تحریک منہاج القرآن کامیابی کے ساتھ شہر اعتکاف 2009ء کو منعقد کر رہی ہے۔ شیخ زاہد فیاض، احمد نواز انجم، جواد حامد، میاں زاہد اسلام اور دیگر مرکزی قائدین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ جامع المنہاج میں انہوں نے صحافیوں کو پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ حرمین شریفین کے بعد اسلامی دنیا کے سب سے بڑے اجتماعی اعتکاف میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سرپرستی میں ہزاروں افراد معتکف ہو گئے ہیں۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ ہزاروں مرد و خواتین کی سحری و افطاری کی تیاری کیلئے وسیع جگہ پر کوکنگ جاری ہے۔ دوران اعتکاف دو شفٹوں میں پکوائی کا سلسلہ جاری رہے گا جس میں مجموعی طور پر 300 افراد کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مردوں کے شہر اعتکاف میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے روزانہ ہونے والے خطابات کو جدید دیو قامت LCD سکرینوں کے ذریعے براہ راست پیش کیا جائے گا۔ اس طرح خواتین کی اعتکاف گاہ میں بھی ویڈیو خطاب براہ راست دکھانے کا انتظام کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شیخ الاسلام کے روزانہ براہ راست ویڈیو خطابات کو دکھانے کے لیے منہاج انٹرنیٹ بیورو اور منہاج پروڈکشنز کے تجربہ کار ماہرین کی ٹیم کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اندرون ملک سے ہزاروں افراد کے ساتھ بیرونی دنیا سے خصوصی طور پر معتکفین بھی شہر اعتکاف کا حصہ ہیں۔ انہوں نے انتظامات کے حوالے سے بتایا کہ وضو اور طہارت کیلئے شہر اعتکاف میں وسیع انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ انتظامیہ کی طرف سے فراہم کردہ سیکیورٹی کے علاوہ منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈٹنس موومنٹ کے 200 سے زائد نوجوان ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ ناظم اعلیٰ نے کہا کہ منہاج القرآن گرلز کالج میں خواتین کی علیحدہ اعتکاف گاہ قائم ہے، جہاں 700 خواتین سیکیورٹی کی ڈیوٹی پر مامور ہیں۔ مردوں کے شہر اعتکاف میں 25 اور خواتین کی طرف 15 میڈیکل ہیلتھ یونٹ قائم کیے گئے ہیں۔ مرکزی میڈیکل سینٹر میں 50 ڈاکٹرز ہمہ وقت موجود ہوں گے۔ ان میڈیکل ہیلتھ یونٹس میں ایلوپیتھک اور ہومیو پیتھک ہر دو قسم کے طریقہ ہائے علاج کی سہولت میسر ہوگی۔ جبکہ اعتکاف گاہ میں ہر وقت 5 ایمبولینسز اور کسی بھی ہنگامی صورتحال پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کی گاڑیاں بھی منگوائی جا رہی ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے PHA، واپڈا، واسا، پولیس، ضلعی اور ٹاؤن انتظامیہ کا شہر اعتکاف میں خصوصی انتظامات کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔

نماز عشاء اور تراویح کے بعد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری بیرون ملک سے براہ راست مخاطب ہوئے۔ آپ نے تمام شرکاء اعتکاف کو شہر اعتکاف میں آمد پر مبارکباد پیش کی اور خوش آمدید کہا۔ آپ نے کہا کہ آپ خوش قسمت ہیں جو دس دن کے لیے اللہ کے حضور اعتکاف بیٹھے ہیں۔

شہر اعتکاف میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب و کیسٹ اور سی ڈیز کے سٹال بھی لگائے گئے ہیں، جہاں شیخ الاسلام کی تمام کتب نصف قیمت پر دسیتاب ہیں۔

تبصرہ

Top