منہاج القرآن ویمن لیگ کے 22 ویں یوم تاسیس کی سہ روزہ تقاریب

رپورٹ: مریم حفیط

منہاج القرآن ویمن لیگ کے 22ویں یوم تاسیس کے موقع پر مرکز منہاج القرآن پر سہ روزہ تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس سلسلے میں 3 جنوری 2010ء کا دن پیکر عزم و وفا مادر تحریک محترمہ رفعت جبیں قادری کے نام سے مرکزی سطح پر اور تحصیلات میں منایا گیا۔ پروگرام میں مادر تحریک رفعت جبیں قادری، دختر قائد قرۃ العین فاطمہ، ڈاکٹر نوشابہ حمید، رافعہ علی، فریدہ سجاد، گل فردوس اور سینئر تحریکی خواتین جن میں صفیہ صغیر، پروین غضنفر، غلام زہراہ، فہمیدہ یوسف، نسیم گلزار، شمیم صغیر، سلمیٰ وحید، سعادت اشرف، نرگس انعام، پروین بھٹہ اور مرکزی قائدین کی بیگمات نے شرکت کی۔

صدر منہاج القرآن ویمن لیگ فاطمہ مشہدی نے استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے مادر تحریک اور مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ویمن لیگ کے 22ویں یوم تاسیس کے موقع پر ہم مادر تحریک کی عظمتوں اور رفعتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ناظمہ ویمن لیگ سمیرا رفاقت ایڈووکیٹ نے مادر تحریک کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مادر تحریک کی رہنمائی میں ویمن لیگ آج بلند قامت مینارہ نور بن چکی ہے۔ آج کا دن پورے ملک کی تحصیلات میں مادر تحریک کے نام سے منایا جارہا ہے۔

اس پر مسرت موقع پر مختلف سینئر تحریکی خواتین نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج امی حضور کی آمد نے ان کے جذبوں کو پھر سے جوان کر دیا ہے۔ مرکزی ویمن لیگ کی جانب سے حسن کارکردگی پر ایکٹو اور سینئر خواتین میں محترمہ رفعت جبیں قادری کے ہاتھوں سے شیلڈ اور پھولوں کے گلدستے پیش کئے گئے۔ تمام شرکاء کو پیکر عزم و وفا مادر تحریک محترمہ رفعت جبیں قادری کے نام سے تعارفی کتابچہ پیش کیا گیا۔ تمام خواتین نے کھڑے ہوکر اپنی عظیم ماں سے عہد کیا کہ آپ کی توجہات، فیوض و برکات اور دعاؤں سے ہم ان شاء اللہ اپنے مقاصد کے حصول میں کامیاب ہوجائیں گی۔ مادر تحریک نے ملک بھر کی تحصیلات سے آنے والی تنظیمات، سینئر تحریکی بہنوں اور قائدین کی بیگمات کا شکریہ ادا کیا اور فرمایا شیخ الاسلام کی جدوجہد اور شبانہ روز کاوشوں کی بدولت آج ہم اس مقام پر پہنچی ہیں اور ہمیں ان کے مشن کو لے کر آگے چلنا ہے۔

دختر قائد محترمہ قرۃ العین فاطمہ نے یوم تاسیس کے موقع پر ملک بھر میں ہونے والی سہ روزہ تقاریب پر خوشی کا اظہار کیا اور نصیحت آمیز کلمات میں فرمایا کہ قائد سے محبت اور وفاداری کا تقاضا یہ ہے کہ ان کی کتب اور سی ڈیز کو ملک کے گوشے گوشے میں پھیلا دیں۔

اس موقع پر قائمقام ناظم اعلیٰ، سینئر نائب ناظم اعلیٰ، ناظم اجتماعات کو شیلڈ اور پھول جبکہ ڈائریکٹر میڈیا، ان کی ٹیم اور پروڈکشن کی ٹیم کو پھولوں کے گلدستے پیش کئے گئے۔ پروگرام کا اختتام امی حضور کے دعائیہ کلمات سے ہوا۔

تبصرہ

Top