ضیافت میلاد یکم ربیع الاول 2010

ماہ ربیع الاول کی آمد پر تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام ’’ضیافت میلاد 2010ء‘‘ کا آغاز 16 فروری 2010ء کو ہوا۔ ضیافت میلاد کا پہلا پروگرام صفہ ہال (گوشہ درود) کی چھت پر منعقد کیا گیا، جس کا باقاعدہ آغاز نماز عشاء کے بعد شب ساڑھے 8 بجے ہوا۔ افتتاحی پروگرام کی صدارت منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے صدر صاحبزادہ حسن محی الدین قادری اور منہاج القرآن کی فیڈرل کونسل کے صدر صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے کی۔

ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہدفیاض، مفتی اعظم مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، راجہ زاہد محمود، جواد حامد ناظم اجتماعات، ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو ناظم تربیت، غلام مرتضیٰ علوی سینئر نائب ناظم تربیت، شہزاد رسول قادری، ذیشان بیگ، حاجی محمد اسحاق، صاحبزادہ افتخار الحسن قادری اور دیگر مرکزی قائدین نے بھی ضیافت میلاد میں خصوصی طور پر شرکت کی۔ منہاج یونیورسٹی کے شریعہ کالج اورگرلز کالج کی اساتذہ، طلبہ و طالبات سمیت منہاج القرآن ویمن لیگ کی خواتین کی بڑی تعداد بھی پروگرام میں موجود تھی۔

نظامت اجتماعات نے ضیافت میلاد کے لیے مرکزی پنڈال کو نہایت خوبصورت انداز میں سجایا تھا۔ اس کے علاوہ منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ کی چاردیواری کو خوبصورت روشنیوں اور سیکرٹریٹ سے ملحقہ گلیوں میں بھی برقی قمقے لگائے گئے تھے۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، جس کی سعادت قاری خالد حمید کاظمی نے حاصل کی۔ اورنگزیب قادری نے آقا علیہ الصلوٰۃ والسلام کی بارگاہ میں ہدیہ نعت پیش کیا۔ اس کے بعد قاری عنصر محمود قادری اور امجد بلالی نے بھی نعت خوانی کے سلسلہ کو آگے بڑھایا۔ اس کے بعد حسان پاکستان الحاج اعظم چشتی کے صاحبزادے ارشاد اعظم چشتی نے خصوصی نعت پیش کی۔

تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے صدر صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے درود و سلام کی فضیلت اور اہمیت پر خطاب کیا۔ پروگرام کے اختتام پر اجتماعی طور پر آقا علیہ الصلوٰۃ والسلام کی بارگاہ میں درود و سلام پیش کیا گیا۔ آخر پر مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی نے خصوصی دعا کی۔ اس کے بعد تمام شرکاء میں ضیافت میلاد کی تقسیم کی گئی۔

رپورٹ : عبدالرازق چودھری

تبصرہ

Top