منہاج القرآن ویمن لیگ ملتان کے زیراہتمام خواتین اسلام کانفرنس

مورخہ: 02 مئی 2010ء

منہاج القرآن ویمن لیگ ملتان نے "ملتان آرٹ کونسل " میں ’’خواتین اسلام کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا۔ جس کا مقصد خواتین اسلام کے رول کو اجاگر کرنا اور آج کی خاتون کے کردار اور اس کی اہمیت کو زیر بحث لانا تھا۔ اس کانفرنس میں مرکز سے محترمہ سمیرا رفاقت ناظمہ ویمن لیگ، ساجدہ صادق نائب ناظمہ ویمن لیگ کے علاوہ ارم طاہر کاظمی وزیر مذہبی امور، چیئرپرسن جامعہ الصالحات للبنات اور چیئرپرسن جامعہ غوثیہ للبنات، پرنسپل آف ویژن آف قرآن کالج، ڈاکٹر سمیرا ملک، پروفیسر ماریہ پنجاب کالج، ڈاکٹر نگینہ زبیرملک، پروفیسر یاسمین چاندنی، ایکس پریذیڈنٹ ویمن لیگ ملتان، سدرہ مشتاق ناظمہ تربیت ویمن لیگ ملتان اور دیگر مہمانان گرامی نے شرکت کی۔ 

محترمہ یاسمین چاندنی، محترمہ فاریہ، محترمہ سدرہ مشتاق اور محترمہ سمیرا رفاقت نے خواتین اسلام کے موضوع پر اظہار خیال کیا۔ محترمہ سمیرا رفاقت نے اپنی گفتگو میں قرآن و سنت کی روشنی میں منہاج القرآن ویمن لیگ کے مقاصد، طریقۂ کار اور جدوجہد کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں منہاج القرآن ویمن لیگ خواتین اسلام کے کردار کی امین ہے اور اس پلیٹ فارم سے خواتین میں یہ شعور اجاگر کیا جا رہا ہے کہ ان کے حقوق کیا ہیں اور خواتین اسلام کے اسوہ کی پیروی کرتے ہوئے ان کو کس طرح معاشرے میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔

ویمن لیگ معاشرے میں ہر سطح پر خواتین سے رابطہ استوار کر رہی ہے تاکہ انہیں اس حیات بخش پیغام سے روشناس کرایا جا سکے جو حضور شیخ الاسلام نے خواتین کے حقوق کی بحالی کی جدوجہد کے سلسلے میں دیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معاشرے کے مؤثر طبقے کی خواتین کو آگے آنا چاہئے اور اس کار منصبی کی انجام دہی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے بالکل اسی طرح جس طرح اسلام کی نشاۃ اول کی خواتین نے اس ذمہ داری کو محسوس کرتے ہوئے فعال کردار ادا کیا تھا۔ ناظمہ ویمن لیگ نے اپنی ملتان تنظیم کو خواتین اسلام کانفرنس منعقد کرنے پر مبارکباد دی اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

پروگرام کا اختتام دعائیہ کلمات سے ہوا۔

تبصرہ

Top