گونسا ویل (فرانس) کی تنظیم ’فرانکو پاکستانیز‘ کا منہاج القرآن میں شمولیت کا اعلان

آج کے اس پر فتن دور میں جب اسلام مخالف قوتیں متحد ہو کر بر سر پیکار ہیں اور ظاہری علم کے تکبر میں مبتلا علماء مسلمانوں کو ہی فرقہ واریت، دہشت گردی اور فتنہ و فساد میں دھکیل رہے ہیں، ایسے میں انفرادی جدوجہد سے ایمان بچانا مشکل ہی نہیں ناممکن بھی ہے۔ اس اجتماعی پرفتن دور میں انفرادی اصلاح احوال کی آرزو کرنا ایک حسین فریب کے علاوہ کچھ نہیں۔ اگر ہم اپنی آنے والی نسلوں کے ایمان کا تحفظ چاہتے ہیں تو ہمیں اجتماعی جدوجہد کرنا ہوگی اور اجتماعی جدوجہد کسی منظم تحریک یا جماعت ہی کے ذریعے کی جاسکتی ہے۔ فرمان خدا وندی ہے ’’اور نیکی اور پرہیز گاری (کے کاموں) پرایک دوسرے کی مدد کیا کرو‘‘۔

رحمت دو عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا حکم مبارک بھی اسی طرح ہے کہ ’’ اللہ تعالیٰ اس امت کو کبھی گمراہی پر اکٹھا نہیں فرمائے گا، اللہ تعالیٰ کا دست قدرت جماعت پر ہوتا ہے، پس سب سے بڑی جماعت کی اتباع کرو اور جو اس جماعت سے الگ ہوتا ہے آگ میں ڈال دیا جاتا ہے‘‘۔

گویا اس دور فتن میں راہ نجات کے حصول کے لئے کسی جماعت میں شمولیت ضروری ہے۔ ایسی حدیث اور فرمان قرآن کی روشنی میں فرانس کے شہر پیرس کے مضافاتی شہر گونسا ویل کی تنظیم ’’فرانکو پاکستانیز‘‘ نے منہاج القرآن کے اصلاحی، فلاحی، مذہبی اور تعمیری کاموں سے متاثر ہو کر منہاج القرآن میں ضم ہونے کا اعلان کر دیا، تنظیم کے سابق صدر نجیب احمد، موجودہ صدر ارشد حسین اور جنرل سیکرٹری سرفرا ز ساہی نے ساری تنظیم کے ہمراہ منہاج القرآن میں شمولیت کااعلان کیا۔ یاد رہے کہ گونسا ویل میں منہاج القرآن فرانس کے صدر عبدالجبار بٹ بھی سکونت پذیر ہیں اور یہ علاقہ پاکستانی آبادی کا اکثریتی شہر ہے۔

اس سلسلہ میں مرکز منہاج القرآن میں ایک خوبصورت تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں دونوں تنظیمات کے ممبران سٹیج پر تشریف فرما ہوئے۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز قاری محمد صدیق کی تلاوت سے ہوا جس کے بعد منہاج نعت کونسل نے آقا علیہ السلام کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش گیے۔ علامہ حسن میر قادری نے دونوں اطراف کے دوستوں کا تعارف کروایا۔ مرکزی ساتھیوں نے نئے شامل ہونے والے ساتھیوں کو پھولوں کے ہار پیش کئے۔ ان خوبصورت لمحوں کو صدر منہاج میڈیا کوآرڈینیشن بیورو یورپ راؤ خلیل احمد نے کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کیا۔

اس موقع پر فرانکو پاکستانیز کے 17 ممبران منہاج القرآن کی لائف ممبرشپ لے کر منہاج القرآن کے قافلے میں شامل ہو گئے ان میں صدر ارشد حسین، جنرل سیکرٹری سرفراز ساہی، سابقہ صدر نجیب نذر، عثمان مبشر علی، خضر حیات، جاوید تسنیم، فیصل محمود، اصغر عامر، اکرم، طارق محمود، عامر جاوید، احمد نسیم، شوکت عباس، ذوالفقار احمد خان، ممتاز احمد خان، عبدالقدوس، خالد محمود اور عاشق شمریز شامل ہیں۔

صدر ادارہ عبدالجبار بٹ، صدر شوریٰ چوہدری محمد سعید، ناظم عامر جواد بٹ، ایڈوائزر میڈیا حاجی محمد اسلم، حاجی حمید اللہ نعیمی، چوہدری ظفر اقبال، حاجی سلیم گھمن، قاری طاہر عباس، راجہ عابد، ملک شبیر احمد اعوان، حاجی مشتاق، حاجی اشرف اور نسیم بٹ نے فرانکو پاکستانیز گونسا ویل کے منتظمین کو منہاج القرآن گونسا ویل بننے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے پھولوں کے ہا ر پہنائے۔

رپورٹ : اے کے راؤ ( پیرس)

تبصرہ

Top