گوشہ درود کا روحانی اجتماع (جنوری 2017ء)

تحریک منہاج القرآن کے قائم کردہ عالمی مرکز انوار و روحانیت گوشہ درود کی ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم 7 جنوری 2017ء کو مرکزی سیکرٹریٹ میں ہوئی۔ ماہ جنوری کے اس روحانی اجتماع میں مرکزی ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور اور دیگر قائدین نے خصوصی شرکت کی۔ گوشہ نیشنوں کو بطور مہمان اسٹیج پر بٹھایا گیا جبکہ لاہور بھر سے آنے والے خواتین و حضرات بھی ماہانہ روحانی اجتماع میں شریک ہوئے۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز نماز عشاء کے بعد تلاوت قرآن مجید سے ہوا، جس کے بعد نعت خوانی کا سلسلہ شروع ہوا۔ معروف نعت خواں حضرات نے اپنے مخصوص انداز میں مدح سرائی کی۔ اس موقع پر حاضرین بھرپور انداز میں نعت خوانی سے محظوظ ہوئے۔ ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور سمیت دیگر معزز مہانوں نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی طرف سے مرتب کردہ کتابچہ ’’وظائف مجلس ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم‘‘ سے منتخب وظائف بھی پڑھے۔

روحانی اجتماع میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا ایک ویڈیو خطاب دکھایا گیا، جس میں آپ نے محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا درس دیا۔ تمام شرکاء نے شیخ الاسلام کا خطاب بغور سنا۔ پروگرام میں گوشہ درود کے پڑھے جانے والے درود پاک کی رپورٹ پیش کی گئی، جس کے مطابق ماہ دسمبر 2016ء میں ایک ارب، 34 کروڑ، 39 لاکھ، 57 ہزار اور 619 بار درود پاک پڑھا گیا۔ گوشہ درود کے نظام کے تحت اب تک مجموعی پڑھے گئے درود پاک کی تعداد ایک کھرب، 7 کروڑ، 37 لاکھ، 48 ہزار اور 590 ہو گئی ہے۔ پروگرام کے آخر میں علامہ غلام ربانی تیمور نے خصوصی دعا کرائی۔

تبصرہ

Top