گوشہ درود کی ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی ﷺ میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا خطاب

تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام دنیا بھر میں درود پاک پڑھے جانے کے نظام کا عالمی ہیڈکوارٹر مرکزی گوشہ درود کی ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پروگرام 5 جنوری 2019ء کی شب مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا، جس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے بھی خصوصی شرکت کی۔

شیخ الاسلام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ درود و سلام ایک ایسی عبادت ہے، جو ہر وقت قبول ہی قبول ہے۔ اللہ تعالیٰ اور اس کے ملائکہ خود درود پاک پڑھتے ہیں اور اللہ تعالیٰ نے ایمان والوں کو درود پاک پڑھنے کا حکم دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ نے تحریک منہاج القرآن کو شرف بخشا کہ دنیا بھر میں باقاعدہ ایک نظام کے تحت ہر ماہ اربوں کی تعداد میں درود پاک پڑھا جاتا ہے۔ آپ نے بتایا کہ الحمدللہ صرف ماہ دسمبر 2018ء میں دنیا بھر میں گوشہ درود کے سینکڑوں حلقہ جات، قائم شدہ نظام اور مرکزی گوشہ درود کا پڑھا جانے والا درود پاک کی تعداد 15 ارب سے زائد ہے۔

آپ نے کہا کہ یہ اللہ کا کرم ہے کہ اس نے منہاج القرآن کو درود پاک پڑھنے کے لیے چن لیا۔ جب ہم نے 2005ء میں گوشہ درود قائم کیا تو یہ دنیا بھر میں ایک یونیک سسٹم تھا اور آج تک روئے زمین پر ہمارے علم میں ایسا نظام نہیں جہاں بلا ناغہ اور ہر وقت درود پاک پڑھا جاتا ہو۔ یہ اللہ تعالیٰ کا خاص کرم ہے۔

اس سے پہلے نماز عشاء کے فوری بعد گوشہ درود کی مجلس کا باقاعدہ آغاز تلاوت و نعت سے ہوا۔ ظہیر بلالی برادران اور دیگر ثناء خوانوں نے نعت خوانی کی۔ پروگرام میں منہاج القرآن کی نظامت دعوت کے علامہ ملک محمد اعجاز نے خطاب کیا۔

گوشہ درود کے گوشہ نشینوں، راجہ زاہد محمود، تحریک منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید، سید مشرف علی شاہ، جواد حامد اور دیگر قائدین بھی اسٹیج پر موجود تھے۔ پروگرام میں لاہور بھر سے مرد و خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ آخر میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خصوصی دعا سے پروگرام کا اختتام ہوا۔

تبصرہ

Top