حضور نبی اکرم ﷺ کی ولادت باسعادت سے انسانیت کو شخصی غلامی سے نجات ملی: ربیع الاول کی آمد پر شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری کا پیغام

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ربیع الاول کا چاند نظر آنے پر اپنے بیان میں کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ کی ولادت باسعادت سے انسانیت کو شخصی غلامی اور دنیا کوکفر و الحاد کے اندھیروں سے نجات ملی۔ آپ ﷺ کی ولادت اور بعثت مبارک انسانیت کے لیے اللہ کا احسان عظیم ہے۔ آپ ﷺ کی مبارک آمد سے غلاموں، کمزوروں، مظلوموں، بچوں، عورتوں اور بوڑھوں کو حقوق ملے، انہوں نے کہا کہ ربیع الاول کی آمد پر ملت اسلامیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ نوجوان، خواتین و حضرات اس مبارک مہینے میں سیرت طیبہ کا دل جمعی سے مطالعہ کریں اور اپنی زندگیوں کو پیغمبر امن و سلامتی کے بتائے ہوئے طریقوں کے مطابق ڈھالنے کی صدق دل سے سعی کریں۔ قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اس موقع پر دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ رب العزت اس مبارک مہینے کے صدقے پاکستان کو امن و سلامتی کا گہوارہ بنائے، اللہ اس خوشیوں بھرے مہینے کے طفیل ملت اسلامیہ کو اتحاد اور یکجہتی کی لڑی میں پروئے۔

دریں اثناء ربیع الاول کی آمدپر منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ کی خصوصی تزئین و آرائش کی گئی ہے، اسے برقی قمقموں سے سجایا گیا، ربیع الاول کا چاند نظر آنے کا اعلان ہوتے ہی منہاج القرآن کا مرکزی سیکرٹریٹ ’’آمد مصطفی مرحبا‘‘ کے نعروں سے گونج اٹھا، گوشہ درود اور قائد تحریک منہاج القرآن کی رہائش گاہ کو بھی برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے، منہاج القرآن سیکرٹریٹ کے ڈائریکٹر ایڈمن جواد حامد نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ کی ولادت باسعادت اہل ایمان کے لیے بہت بڑی خوشی کی خبر ہے، انہوں نے بتایا قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے حکم پر منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں یکم ربیع الاول سے 12 ربیع الاول تک روزانہ ضیافت میلاد کا اہتمام کیا جائے گا۔

International Mawlid un Nabi Conference 2019 Minar e Pakistan Lahore Minhaj ul Quran

تبصرہ

Top